نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا ہے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے 9 مئی کو تمام ریڈ لائنیں عبور کیں، سینیٹ میں خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے 24 نومبر کو ایک اور 9 مئی کر دیا ہے، ملک کو بدنام کرنا بند کریں، جو بندے مارے گئے آپ ان کے شناختی کارڈ دکھا دیں، ساتھ چل کر تحقیقات کراتے ہیں، ڈیتھ سرٹیفکیٹ ایشو کراتے ہیں۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ نہ انہوں نے 2018 میں اور نہ 2024 میں ہی کچھ کیا، ہم الیکشن میں میدان میں تھے کہ ہم مل کر راستہ نکالیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے کسی پر مقدمہ نہیں بنایا، بانی پی ٹی آئی عمران خان کو عدالتیں ریلیف بھی دے رہی ہیں جو ریلیف ان کو ملتا ہے ان کو ملنا چاہیے۔
سینیٹ اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے تحریک انصاف کے رہنما سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ ہمارے سیاسی اختلاف ہونے چاہییں لیکن ہم اس کو ذاتی دشمنی کے بھنیٹ نہیں چڑھا سکتے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ ملک ہمارا ہے ہر ایشو کو سیاست کی بھینٹ چڑھانے کی بجائے ہمیں ایک دوسرے سے تعاون کرنا ہے۔ خیال رہے کہ اس سے قبل خبر سامنے آئی تھی کہ وفاقی حکومت اور پاکستان تحریک انصاف کے درمیان رابطے بحال ہوگئے ہیں۔