پاکستان نے غزہ میں اسرائیلی حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ اسرائیل ان حملوں سے بین الاقوامی قوانین اور حالیہ امن معاہدے کی سنگین خلاف ورزی کر رہا ہے ۔
اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ طاہر حسین اندرابی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اسرائیلی حملوں میں معصوم بچے، خواتین جاں بحق اور زخمی ہوئے، اسرائیل ان حملوں سے بین الاقوامی قوانین اور حالیہ امن معاہدے کی سنگین خلاف ورزی کر رہا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ یہ حملے امن کی کوششوں کو سبوتاژ کر رہے ہیں، یہ حملے شرم الشیخ میں طے پانے والے امن معاہدے کی بھی کھلی خلاف ورزی ہیں، حکومت پاکستان عالمی برادری سے اسرائیلی استثنیٰ اور جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کو ختم کرنے کا مطالبہ کرتی ہے ۔
دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی انسانی حقوق اور انسانی قانون کی پاسداری کیلئے فوری اقدامات کئے جائیں ۔
ترجمان نے کہا کہ پاکستان آزاد سرحدوں پر مبنی ایک آزاد، خودمختار اور ملحقہ ریاست فلسطین کے قیام کے حق میں اپنے اصولی موقف کا اعادہ کرتا ہے ۔

