نشتر ہال پشاور میں منعقد ہونے والا خیبر ڈیجیٹل ڈیزائن سمٹ کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔ اس اہم تقریب نے جدت، تخلیقیت، اور ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن پر مباحثے کے لیے ماہرین، پروفیشنلز، اور طلبہ کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کیا ۔
یہ سمٹ یونیورسٹی آف اسپوکن انگلش اینڈ کمپیوٹر سائنس (USECS) کے زیر اہتمام منعقد کیا گیا، جس میں معروف مقررین اور ماہرین نے شرکت کی، علیم شاہ خلجی نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ڈیجیٹل خواندگی، جدت، اور پیشہ ورانہ مہارت کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے ڈیجیٹل مارکیٹنگ کو ہر قسم کے کاروبار کے لیے ضروری قرار دیا اور اس کے معیشت پر مثبت اثرات کو اجاگر کیا ۔
سِسکو (Cisco) کے پاکستان اور افغانستان کے کنٹری ڈائریکٹر فہیم انور نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔ انہوں نے ڈیجیٹل تعلیم کو سماجی ترقی کے لیے لازمی قرار دیا اور مصنوعی ذہانت (AI) کے حوالے سے پائے جانے والے خدشات کو رد کرتے ہوئے اس کے مثبت پہلوؤں کو اجاگر کیا۔
انہوں نے بتایا کہ کس طرح AI انسانی زندگیوں کو آسان اور کاروباری مواقع میں اضافہ کر سکتا ہے، فہیم انور نے USECS کی نیٹ ورکنگ اور ڈیجیٹل انفراسٹرکچر میں جدت کے لیے خدمات کو بھی سراہا ۔
تقریب کے دوران USECS کے کامیاب طلبہ نے اپنے تجربات اور کامیابی کی کہانیاں پیش کیں، جنہوں نے شرکاء کو ڈیجیٹل ہنر اپنانے اور کاروباری میدان میں آگے بڑھنے اپنے آپ کو مثال کے طور پر پیش کیا ۔
اختتامی سیشن میں علیم شاہ خلجی، فہیم انور، حماد صافی، اکبر شاہ خلجی، اور محمد احسان نے شرکاء کے سوالات کے جواب دیے۔ اس سیشن میں ڈیجیٹل خواندگی، صنعت کے موجودہ رجحانات، اور عالمی ڈیجیٹل معیشت کے مواقع پر تفصیلی گفتگو کی گئی ۔
یہ سمٹ طلبا، پروفیشنلز، اور کاروباری شخصیات کے لیے ایک شاندار پلیٹ فارم ثابت ہوا، جہاں انہوں نے نیٹ ورکنگ اور جدید خیالات کے تبادلے کے مواقع حاصل کیے۔ اس پروگرام نے خیبرپختونخوا کے نوجوانوں اور پروفیشنلز کو ڈیجیٹل ہنر کے ذریعے ترقی کے مواقع کو استعمال کرنے کی ترغیب دی ۔
منتظمین نے ڈیجیٹل خواندگی اور جدت کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے خیبرپختونخوا کو ڈیجیٹل طور پر مضبوط بنانے کے مشن کو جاری رکھنے کا وعدہ کیا ۔