خیبرپختونخوا میں سیکیورٹی فورسز نے 2 الگ الگ کارروائیوں کے دوران 15 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں لیفٹیننٹ محمد حسان سمیت 4 جوان شہید ہوگئے ۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے ڈی آئی خان کے علاقے ہتھالا میں انٹیلی جنس بیسڈ پر مبنی آپریشن کیا، آپریشن کے دوران 9 دہشتگرد مارے گئے ۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ہلاک دہشتگردوں میں فرمان عرف ثاقب، امان اللہ عرف طوری، سعیدعرف لیاقت اور بلال شامل ہیں، ہلاک دہشتگردقانون نافذ کرنے والے اداروں کو انتہائی مطلوب تھے ۔
آئی ایس پی آر کا مزید کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے دوسری کارروائی شمالی وزیرستان کے علاقے میرانشاہ میں کی، جہاں 6 دہشتگرد ہلاک ہو گئے ۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق خوارج سے فائرنگ کے شدید تبادلے میں پاک فوج کے لیفٹیننٹ محمد حسان اشرف سمیت 4 جوان شہید ہوگئے، شہدا میں نائب صوبیدار محمد بلال، سپاہی فرحت اللہ اور سپاہی ہمت خان شامل ہیں ۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز کا ممکنہ ہشتگردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشنز جاری ہے، سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں، بہادر جوانوں کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید تقویت دیتی ہیں ۔
پاک فوج کے ترجمان نے مزید کہا ہے کہ لیفٹیننٹ حسان اشرف کی نماز جنازہ لاہور گیریژن میں ادا کی گئی، جس میں وزیراعظم شہبازشریف ،وفاقی وزرا، پاک فوج کے افسران اور شہید کے اہل خانہ نے شرکت کی ۔
اس موقع پر اپنے بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ یہ عظیم قربانی ہمارے بہادر بیٹوں کی غیر متزلزل لگن اور بہادری کی ایک اور شاندار مثال ہے، جنہوں نے اپنے پیارے وطن کی خودمختاری اور دفاع کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ پوری قوم ہماری مسلح افواج کے ساتھ غیر متزلزل یکجہتی کے لیے متحد ہے ۔