پشاور: وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے شمالی وزیرستان میں دریافت شدہ پیٹرولیم اور گیس کے وسائل، ترقیاتی فنڈز کی منصفانہ تقسیم اور مقامی آبادی کے حقوق کے تحفظ کیلئے مشترکہ کمیشن قائم کردیا ۔
وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ کے جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق تین رکنی کمیشن میں مشیراطلاعات بیرسٹر سیف، ایم پی ایز مفتی مصباح الدین، نیک محمد خان اور محمد اقبال شامل ہیں۔
نوٹیفیکشن کے مطابق دیگر ممبران میں سیکرٹری انرجی اینڈ پاور خیبر پختونخوا، ایڈیشنل سیکرٹری وزارت پیٹرولیم ، ماڑی پیٹرولیم کمپنی اور ایس این جی پی ایل کے حکام، آر پی او بنوں اور نمائندہ 11کور شامل ہیں۔
اعلامیہ میں کہاگیا ہے کہ کمشنر بنوں کمیشن کے ممبر اور کنوینیئر ہوں گے، کمیشن ان قدرتی وسائل کو ملک اور مقامی آبادی کے مفاد میں استعمال کو یقینی بنانے کیلئے طویل المدتی پالیسی تشکیل دے گا۔
اعلامیہ کے مطابق کمیشن مقامی عمائدین کی مشاورت سے شیوا سے داود خیل تک گیس کی سپلائی کو بھی یقینی بنائے گا۔
وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور نے اس سلسلے میں سہ درجاتی مشاورتی فریم ورک کے طور پر ضلعی اور تحصیل سطح پر کمیٹیاں بھی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ہے، کمیٹیوں کا اعلان عمائدین علاقہ اور منتخب عوامی نمائندوں کی مشاورت سے کیا جائے گا۔