پشاور (حسن علی شاہ) خیبر ٹیلی ویژن پشاور سینٹر نے اپنے مقبول مارننگ شو "گل زما دخاورے” کے تحت صوبہ خیبر پختونخوا کے فنون و ثقافت سے وابستہ ان عظیم شخصیات کو ایک بار پھر ناظرین کے سامنے لانے کا آغاز کر دیا ہے جن کی فنی خدمات نصف صدی پر محیط ہیں۔ یہ اقدام خیبر ٹی وی کے اس دیرینہ مشن کا تسلسل ہے جو سن 2004ء جولائی میں اپنے آغاز سے لے کر آج تک جاری ہے، یعنی صوبے کے مختلف حصوں میں بسنے والے باصلاحیت فنکاروں کو پلیٹ فارم فراہم کرنا تاکہ وہ اپنی خداداد صلاحیتوں کا مظاہرہ کرسکیں۔
اب تک اس خصوصی مارننگ شو میں مدعو کیے جانے والے نامور فنکاروں میں صدارتی ایوارڈ یافتہ سید سردار بادشاہ، ساجدہ گل، گلریز تبسم، استاد خیال محمد، انور خیال، وصال خیال، گل مینہ، شکیلا ناز اور ان کے شریک حیات معروف شاعر و صحافی فاروق فراق شامل ہیں۔ شو کی میزبانی جمشید علی خان کر رہے ہیں جبکہ اس کی ریکارڈنگ مختار بھائی آڈیٹوریم میں کی جاتی ہے۔
ہر فنکار کی خیبر ٹی وی پشاور اسٹیشن آمد پر ان کا والہانہ استقبال کیا جاتا ہے۔ انہیں پھولوں کا گلدستہ پیش کرنے کے بعد اسٹیشن کے مختلف شعبوں کا دورہ کرایا جاتا ہے اور پھر مختار بھائی آڈیٹوریم لے جایا جاتا ہے جہاں پروگرام ریکارڈ کیا جاتا ہے۔
یہ مارننگ شو تیزی سے ناظرین کی توجہ کا مرکز بنتا جا رہا ہے۔ ماضی میں "گل زما دخاورے” کے ذریعے متعدد ایسے فنکاروں کی داد رسی کی گئی جو علالت یا ضعیف العمری کے باعث معاشی مشکلات کا شکار تھے۔ اب اس فلاحی سلسلے کو خیبر کی سماجی و فلاحی تنظیم خود مختار ساوی کے تعاون سے دوبارہ شروع کیا گیا ہے۔
تمام دلچسپ تفصیلات اور فنکاروں سے خصوصی ملاقاتیں ناظرین ہر اتوار کی صبح نشر ہونے والے اس مارننگ شو میں دیکھ سکتے ہیں۔