لنڈی کوتل میں بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ کے خلاف تمام اقوام نے مشترکہ طور پر احتجاج شروع کیا جس میں بلدیاتی نمائندہ گان، سیاسی جماعتوں کے رہنما، قومی مشران اور مقامی لوگوں نے کثیر تعدا میں شرکت کی ہے۔
احتجاج کے دوران مشتعل مظاہرین بجلی گریڈ سٹیشن میں داخل ہو گئے اور گریڈ سٹیشن کے اندر جاکر احتجاجی دھرنا دیا۔ احتجاج کے دوران گریڈ سٹیشن میں تمام تر فیڈرز بند کر دیئے گئے۔احتجاح کرتے مظاہرین نے کہا ہے کہ بار بار معاہدوں کے باوجود بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ نامنظور ہے۔ ٹیسکو حکام کے ساتھ 6 گھنٹے لوڈ شیڈنگ کا معاہدہ کرنے کے باوجود بھیی بجلی فراہم نہیں کی جاتی ہے۔
مظاہرین کے مطابق 48 گھنٹوں میں صرف اور صرف دو گھنٹوں کے لئے بجلی کو سپلائی کیا جاتا ہے جس کی وجہ سے مسائل بڑھ رہے ہیں۔ اس قدر طویل لوڈشیڈنگ کے باعث علاقے میں پانی ٹیوب ویلز بند پڑے ہیں اور اس کے ساتھ ہی پانی کی شدید قلت پیدا ہو گئی ہے۔ تمام مشران نے لنڈی کوتل میں مشترکہ طور پر کہا ہے کہ معاہدے کے مطابق 6 گھنٹے بجلی سپلائی فراہمی یقینی بنائی جائے۔مشران کے مطابق مطالبات ماننے تک گریڈ سٹیشن میں احتجاجی دھرنا جاری رہے گا۔