مالاکنڈ کے علاقے چکدرہ انٹرچینج کے قریب افسوسناک ٹریفک حادثہ پیش آیا، جہاں ایک مسافر کوچ پھسل کر گہری کھائی میں جا گری، جس کے نتیجے میں چار افراد جاں بحق جبکہ پندرہ سے زائد افراد شدید زخمی ہو گئے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثہ پل چوکی کے مقام پر پیش آیا، جہاں مسافر ہائی ایس کوچ بے قابو ہو کر پل سے نیچے جا گری۔ حادثے کے فوراً بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122، پولیس اور مقامی امدادی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوع پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو کھائی سے نکال کر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا۔ زخمیوں میں بعض کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے، جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔
ریسکیو حکام کے مطابق جاں بحق افراد کی لاشیں بھی ضابطے کی کارروائی کے بعد اسپتال منتقل کر دی گئی ہیں۔ حادثے کی وجہ بظاہر تیز رفتاری اور پھسلن بتائی جا رہی ہے، تاہم پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
حادثے کے بعد کچھ دیر کے لیے چکدرہ انٹرچینج کے قریب ٹریفک معطل رہی، جسے بعد ازاں بحال کر دیا گیا۔ ضلعی انتظامیہ نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کو ہر ممکن طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔

