پاکستان ایکس سروس مین سوسائٹی کے صدر لیفٹننٹ جنرل (ریٹائرڈ) عبدالقیوم کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کو انجام تک پہنچانے کے لیے فوجی عدالتیں ضروری ہیں، ان کا مزید کہنا تھا کہ جو بھی 9 مئی کے حملوں میں ملوث ہے اسے کیفر کردار تک پہنچانا چاہیے۔
راولپنڈی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے صدر پاکستان ایکس سروس مین سوسائٹی نے کہا کہ اگرکسی کے خلاف 9 مئی کے ثبوت نہیں ہیں تو اسے رہا ہونا چاہیے۔ صدر پاکستان ایکس سروس مین سوسائٹی نے کہا کہ دہشت گردوں کےلیے فوجی عدالتیں ضرور بننی چاہیے۔
لیفٹننٹ جنرل ریٹائرڈ عبدالقیوم کا کہنا تھا کہ سیاسی افراتفری کے باعث کئی وردی والے اور سویلین جاں بحق ہوئے، قانون ہاتھ میں لے کرزبردستی اپنا ایجنڈا منوانا قبول نہیں، ملک سے باہر بیٹھے ڈیجیٹل دہشت گردوں کو انٹرپول کے ذریعےواپس لانا ہوگا، دیکھا جائے ان ڈیجیٹل دہشت گردوں کے پیچھے کون سے چہرے ہیں۔
صدر پاکستان ایکس سروس مین سوسائٹی نے کہا کہ ہم کے پی میں گونر راج کا مشورہ نہیں دیتے، وہاں کی حکومت کوگورننس پر دھیان دینا چاہیے، ہمارا فورم غیرسیاسی ہے، کسی جماعت پر پابندی لگانا نہ لگانا حکومت کا کام ہے، سیاسی جماعتوں پرپابندی نہیں لگنی چاہیے لیکن انہیں پرامن ہونا چاہیے، گورنر راج آئین کا حصہ ہے لیکن ایسا عمل نہ کیا جائے کہ اس کی نوبت آئے۔