اسلام آباد (سیار علی شاہ) وزیراعظم شہباز شریف کی کی زیرصدارت سیکورٹی صورتحال پر اہم اجلاس وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں منعقد ہوا، اجلاس میں آرمی چیف، وفاقی وزرا، وزرائے اعلی سمیت متعلقہ حکام نے شرکت کی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ چینی باشندوں کے وحشیانہ قتل میں ملوث افراد کو جلد انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
اس موقع پر آرمی چیف کا کہنا تھا کہ دہشتگردوں سے اس وقت سے لڑیں گے جب تک عوام اور پاکستان کے عوام پر بری نظر ڈالنے والوں کا خاتمہ نہیں ہو جاتا۔
اجلاس میں آرمی چیف ملک سے دہشگردی کی لعنت ختم کرنے کے لیے مسلح افواج کے عزم کا اعادہ کیا اور کہا کہ قوم نے پچھلے دو دہائیوں سے ثابت قدمی کے ساتھ دہشگردی کا مقابلہ کیا ہے۔
آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا مزید کہنا تھا کہ قوم نے پاکستان مخالفین کے مذموم عزائم کا ہمیشہ ناکام بنایا ہے، ہم آخری دہشتگرد کے خاتمے تک لڑیں گے۔
اجلاس میں سیکورٹی اداروں کی جانب سے وزیراعظم شہباز شریف کو رپورٹ پیش کی گئی۔ وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو چینی باشندوں کی سیکورٹی مزید بہتر کرنے کی ہداہت بھی کردی
واضح رہے کہ اجلاس منگل کو خیبر پختونخوا کے ضلع شانگلہ میں چینی باشندوں پر ہونے والے دہشتگرد حملے کے تناظر میں بلایا گیا تھا۔ شانگلہ خودکش حملے میں پانچ چینی باشندوں سمیت چھ افراد ہلاک ہوئے تھے۔