سینیٹ سیکرٹریٹ کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق پانچ نکاتی ایجنڈے کے تحت ایوان بالا کا اجلاس طلب کیا گیا ہے ۔
نوٹی فکیشن کے مطابق ایجنڈے میں اہم قانون سازی کا کوئی ذکر نہیں ،تاہم وزیر دفاع خواجہ آصف نے دعویٰ کیا ہے کہ حکومتی نمبرز پورے ہو چکے ہیں ۔
خواجہ آصف کے مطابق کل کے اجلاس میں اعلیٰ عدلیہ کے ججز سے متعلق آئینی ترمیم کو پیش کیا جائے گا ، جبکہ ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت نے ابھی تک اس حوالے سے اتحادی جماعتوں کے اراکین سینیٹ و قومی اسمبلی کو اعتماد میں نہیں لیا اور نہ ہی اس حوالے سے ان کو کل کے اجلاس میں شرکت یقینی بنانے کی ہدایات ملی ہیں ۔
دوسری جانب وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کہتے ہیں کہ وفاقی حکومت کا کل کے اجلاس میں آئینی ترامیم پیش کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ کل مشترکہ اجلاس میں حکومتی نمبر پورے ہونے پر حکومت سپلیمنٹری ایجنڈا کے ذریعے ترمیم پیش کر سکتی ہے اور امکان ہے کہ اس کو مشترکہ اجلاس میں ہی اتوار کے روز منظور بھی کرالیا جائے ۔