پشاور ہائیکورٹ نے خواجہ سرا کی جانب سے پولیس کے خلاف دائر درخواست پر آئی جی خیبر پختونخوا سے رپورٹ طلب کر لی، درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ پولیس خواجہ سراوں کو بے جا تنگ کرتی ہے ، پولیس خواجہ سرا کو تحفظ دینے میں بھی ناکام ہو چکی ہے ۔
پشاور ہائیکورٹ کے جسٹس سید ارشد علی اور جسٹس فہیم ولی نے خواجہ سرا کی جانب سے پولیس کے خلاف دائر درخواست پر سماعت کی ۔
درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ صوبے بھر کے خواجہ سراوں کے ساتھ پولیس کا رویہ ٹھیک نہیں، خواجہ سرا بھی اس ملک کے شہری ہیں، ان کے بھی بنیادی حقوق ہیں، پولیس خواجہ سراؤں کو بے جا تنگ کر رہی ہے ۔
وکیل نے عدالت عالیہ کو یہ بھی بتایا کہ پشاور اور صوابی کے خواجہ سراؤں کو ضلع بدر کیا جا رہا ہے، خواجہ سراؤں کا قتل ہو رہا ہے ، پولیس تحفظ دینے میں ناکام ہوئی ہے ۔
پشاور ہائیکورٹ نے آئی جی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے مزید سماعت ملتوی کردی ۔