صدر آصف علی زرداری عہدہ سنبھالنے کے بعد بلوچستان کے پہلے سرکاری دورے پر کوئٹہ گئے ہیں۔
دورے کے دوران صدر کا استقبال وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کیا۔ ایوان صدر کی پریس ریلیز کے مطابق انہیں امن و امان کے ساتھ ساتھ صوبے میں ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں بریفنگ دی جائے گی۔صدر زرداری نو منتخب اراکین صوبائی اسمبلی سے بھی بات چیت کریں گے۔وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی صدر کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیں گے۔اس سے قبل ایک اہم پیش رفت میں صدر آصف علی زرداری نے گورنر جعفر خان مندوخیل کی بطور گورنر بلوچستان تقرری کی منظوری دی۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے شیخ جعفر مندوخیل نے آج گورنر بلوچستان کے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ ہاشم خان کاکڑ نے گورنر ہاؤس میں منعقدہ تقریب میں شیخ جعفر مندوخیل سے بلوچستان کے 24ویں گورنر کے عہدے کا حلف لیا۔حلف برداری کی تقریب میں وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بھگٹی، کابینہ کے ارکان، وزراء اور اراکین صوبائی اسمبلی نے شرکت کی۔