وزیراعظم شہباز شریف نے ملک میں سیاحت کے فروغ کے لیے پاکستان کو عالمی ٹورازم برانڈ بنانے کی ہدایت کردی،
ملک میں سیاحت کے فروغ سے متعلق وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں پاکستان میں موجود سیاحتی امکانات کو بروئے کار لانے اور شعبہ ٹورزم کو منظم انداز میں آگے بڑھانے کے لیے مختلف تجاویز پیش کی گئیں ۔
وزیراعظم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے سیاحتی شعبے میں زرمبادلہ کمانے کی لا محدود استعداد موجود ہے، اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو ایسی لازوال قدرتی خوبصورتی اور وسائل سے نوازا ہے جو دنیا کے کسی بھی سیاحتی ملک سے کم نہیں ۔
انہوں نے کہا کہ شمالی علاقوں میں برف پوش پہاڑ، سرسبز جنگلات، نیلگوں دریا، میدان اور ریگستانی علاقے پاکستان کی وہ خوبصورتی ہیں جنہیں عالمی سطح پر ایک برانڈ کے طور پر اجاگر کرنے کی ضرورت ہے ۔
وزیراعظم نے پاکستان ٹورازم ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کو فوری طور پر عملی اقدامات کی ہدایت کی تاکہ ملک کو دنیا کے اولین سیاحتی مراکز کی فہرست میں شامل کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ سیاحت کے فروغ کے لیے خصوصی ٹورزم زونز قائم کیے جائیں اور صوبوں کے تعاون سے ملک بھر میں سیاحتی سرگرمیوں کو منظم اور فعال بنایا جائے ۔
اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ بین الاقوامی سیاحوں کے لیے پاکستان کے سیاحتی مقامات تک رسائی کو سہل بنانے کے لیے پبلک اور پرائیویٹ سیکٹر کو مشترکہ حکمت عملی کے تحت کام کرنا ہوگا، جب کہ اندرونِ ملک سیاحت کو بڑھاوا دینے کے لیے بھی خصوصی اقدامات کیے جائیں گے ۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ٹورازم سیکٹر میں پائیدار اور مستقل سرمایہ کاری کے لیے جامع منصوبہ بندی کی جائے تاکہ معیشت کو مستحکم کیا جا سکے اور روزگار کے مواقع پیدا کیے جائیں ۔
اجلاس میں وزیراعظم شہبازشریف کو سیاحت کے فروغ کے لیے متعدد تجاویز پیش کی گئیں، جن میں شمالی علاقہ جات جیسے پرکشش مقامات کی بین الاقوامی سطح پر تشہیر، میڈیکل ٹورازم کو فروغ دینا اور جدید سہولیات کی فراہمی شامل تھیں ۔
وزیراعظم نے اجلاس کے اختتام پر تمام اداروں کو ہدایت کی کہ سیاحت کو قومی ترقی کا مرکزی ستون بنانے کے لیے مربوط حکمت عملی کے تحت فوری عملدرآمد یقینی بنایا جائے ۔