پی ٹی آئی کا مذاکرات کیلئے متبادل پلان سامنے آ گیا ہے۔ مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر محمد علی سیف نے پی ٹی آئی کا مذاکرات کیلئے متبادل پلان بتا دیا ہے۔
بیرسٹر سیف نے میڈیاز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ حکومت کے بجائے اب اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ مذاکرات کیے جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ سول نافرمانی تحریک سے قبل اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ بات چیت کی جائے گی، ہم پارلیمنٹ کے اندر اور باہر تمام جماعتوں کو ساتھ چلنے کی دعوت دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی اور اپوزیشن جماعتیں ایک ساتھ مل کر بہتر طریقے سے چل سکتے ہیں، پی ٹی آئی کے ساتھ اپوزیشن جماعتیں شامل ہونے سے سول نافرمانی کی تحریک مؤثر ہوگی۔
بیرسٹر سیف نے مزید کہا کہ سول نافرمانی کی تحریک پہلے سے جاری احتجاج کا حصہ ہے، تحریک میں تاخیر کچھ رہنماؤں کی درخواست پر کی گئی ہے، سول نافرمانی کی تحریک کے طریقے کار پر مزید مشاورت کرنے کیلئے کچھ رہنماؤں نے وقت مانگا تھا۔
خیال رہے کہ عمران خان نے علیمہ خان کے زریعے پیغام دیا ہے کہ اگر اتوار تک ان کے مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو وہ اوورسیز پاکستانیوں کو ترسیلات زر پاکستان نہ بھیجنے کی کال دیں گے۔