جنوبی وزیرستان میں دو دن سے مسلسل بارش اور برف باری کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔ کمرے کی چھت گرنے سے صحافی نیک محمد زخمی ہو گئے جنہیں ضلعی ہیڈکوارٹر ہسپتال وانا داخل کروادیا گیا ہے، ڈاکٹروں نے ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی ہے۔
ملک کے دیگر علاقوں کی طرح جنوبی وزیرستان میں دو دن سے بارش اور برف باری کا سلسلہ بدستور وقفے وقفے سے جاری ہے، جس کی وجہ سے لوگ گھروں میں محصور ہوکر رہ گئے ہیں، اور زندگی کا معمول بری طرح سے متاثر ہوا ہے۔
ضلع لوئر جنوبی وزیرستان وانا کے علاقہ خوشی خیل میں علی الصبح نیک محمد کے مکان میں کمرے کی چھت گر گئی جس کی وجہ سے سابق صدر وانا پریس کلب و صحافی نیک محمد شدید زخمی ہوگئے،جن کو فوری طور پر ضلعی ہیڈکوارٹر ہسپتال وانا منتقل کردیاگیا، جہاں پر ڈاکٹروں نے ان کو سر پر ذیادہ چوٹ آنے کی وجہ سے قریبی پرائیویٹ ہسپتال میں سٹی سکین کیلئے بھیج دیا، رپوٹ آنے کے بعد ضلعی ہیڈکوارٹر ہسپتال وانا کے ایم ایس نے ڈسٹرکٹ پریس کلب وانا کے چیئرمین نیک محمد کی حالت خطرے سے باہر بتائی ہے۔
ڈپٹی کمشنر لوئر وزیرستان ناصر خان اور ڈی پی او فرمان اللہ وردگ نے زخمی صحافی کی عیادت کی۔ڈپٹی کمشنر لوئر وزیرستان ناصر خان نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایات جاری کردی ہے،کہ صحافی کو بہترین علاج اور معالجہ کی سہولیات فراہم کریں۔