گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کی زیرِ صدارت پشاور کے تاریخی ورثے اور سیاحتی مقامات کی ترقی و بحالی سے متعلق اجلاس ہوا جس میں مشیر محکمہ ترقی و منصوبہ بندی عثمان سیف اللہ، سیکرٹری سیاحت سعادت حسن سمیت دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی ۔
پشاور: گورنر فیصل کریم کنڈی کو پشاور کی تاریخی و ثقافتی اہمیت، تاریخی مقامات اور ورثے کے تحفظ و بحالی اور نائٹ ٹورازم، ہیریٹیج ٹورازم اور جاری و مجوزہ ترقیاتی منصوبوں پر بھی بریفنگ دی گئی ۔
اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پشاور صدیوں پر محیط تاریخ، تہذیب اور ثقافت کا ایک زندہ ورثہ ہے، پشاور کے تاریخی تشخص کو اجاگر کرکے اسے ملکی و غیر ملکی سیاحوں کی توجہ کا مرکز بنایا جائے ۔
انہوں نے کہا کہ گورگٹھڑی میں موجود وینٹیج ایمبولینس اور فائر بریگیڈ کی گاڑیوں کو ایسی جگہ رکھا جائے جہاں سیاح انہیں دیکھ سکیں، پشاور کے تاریخی مقامات کی سیر کے لیے خصوصی سیاحتی بسیں چلانے پر توجہ دی جائے ۔
گورنر خیبر پختونخوا نے کہا کہ موٹروے ٹول پلازہ کے قریب پشاور کے تاریخی مقامات اور ثقافتی ورثے سے متعلق بڑے معلوماتی بورڈز نصب کیے جائیں، پشاور کی ثقافت، فنون اور ادبی روایات کو زندہ رکھنے کے لیے ثقافتی سرگرمیوں کا انعقاد ضروری ہے ۔
فیصل کریم کنڈی کا مزید کہنا تھا کہ پشاور کے تاریخی ورثے کو محفوظ بنانے کے لیے عملی اقدامات کا آغاز خوش آئند ہے، دلیپ کمار اور راج کپور کے آبائی گھروں کی بحالی کا کام جلد شروع کیا جائے ۔

