بنگلہ دیشی حکام نے ڈھاکہ ایئرپورٹ پر پاکستانی مسافروں کی جانچ پڑتال کیلیے قائم کی گیا خصوصی سیکیورٹی ڈیسک ختم کردیا۔
تفصیلات کے مطابق قاہرہ میں جاری ڈی ایٹ سمٹ میں وزیراعظم شہباز شریف اور بنگلادیش کے چیف ایڈوائزر پروفیسر ڈاکٹر محمد یونس کی ملاقات ہوئی، شہباز شریف نے دونوں ممالک کے درمیان تاریخی، مذہبی اور ثقافتی روابط کا تذکرہ کرتے ہوئے دوطرفہ تجارتی تعاون اور ثقافتی تبادلوں پر زور دیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان اور بنگلہ دیش کے مابین تجارت اور سیاحت کے فروغ کے لیے کیے گئے اقدامات پر ڈاکٹر محمد یونس سے اظہار تشکر کیا۔ ان اقدامات میں پاکستان سے آنے والے کنسائنمنٹ کی 100 فیصد فزیکل انسپکشن، اور ڈھاکا ایئرپورٹ پر پاکستانی مسافروں کی جانچ پڑتال کے لیے قائم شدہ خصوصی سیکیورٹی ڈیسک کا خاتمہ شامل ہیں۔
علاوہ ازیں وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستانی ویزا درخواستوں کے لیے اضافی کلیئرنس کی پابندی کے خاتمے پر بھی بنگلادیشی چیف ایڈوائزر کا شکریہ ادا کیا۔