سیکیورٹی فورسز نے جنوبی وزیرستان میں آپریشن کرتے ہوئے 11بھارتی سپانسرڈ دہشتگردوں کو ہلاک کردیا،جبکہ 7 دہشتگرد زخمی بھی ہوئے، شدید فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے افسر سمیت دو بہادر سپوت شہید ہوگئے ۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے سرا روغہ میں خفیہ اطلاع پر کامیاب آپریشن کیا، علاقے میں بھارت کے حمایت یافتہ دہشت گرد گروہ کے کارندے موجود تھے ۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں 11 بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشتگرد ہلاک جبکہ 7 زخمی ہو گئے ۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے دو بہادر سپوت مادر وطن پر قربان ہو گئے، شہید ہونے والوں ضلع چکوال کے رہائشی 37 سالہ میجر سید معیز عباس شاہ اور ضلع بنوں کے رہائشی 26 سالہ لانس نائیک جبران اللہ شامل ہیں ۔
آئی ایس پی آر کے مطابق میجر معیز شاہ شہید ایک دلیر اور نڈر افسر تھے، جنہوں نے ماضی میں بھی دہشت گردوں کے خلاف کئی کامیاب کارروائیوں کی قیادت کی ۔
میجر سید معیذ عباس شاہ شہید نے 14 سال دفاع وطن کا مقدس فریضہ سر انجام دیا، شہید کے سوگواران میں اہلیہ اور 2 بیٹے شامل ہیں ۔
لانس نائیک جبران اللہ شہید کا تعلق ضلع بنوں سے ہے، جبران اللہ شہید نے 8 سال تک وطن عزیر کے دفاع کے فرائض سرانجام دیئے، شہید کے سوگواران میں اہلیہ اور 3 بیٹے شامل ہیں ،
آپریشن کے بعد علاقے میں کلیئرنس اور سرچ آپریشن جاری ہے تاکہ کسی بھی چھپے ہوئے بھارتی حمایت یافتہ دہشت گرد کو تلاش کر کے ختم کیا جا سکے ۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ملک کو بھارتی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی سے پاک کرنے کے عزم پر قائم ہیں اور ہمارے جوانوں کی ایسی لازوال قربانیاں ہمارے حوصلے اور عزم کو مزید مضبوط بناتی ہیں ۔