سیکورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں دو الگ الگ آپریشنز کئے ، جس کے دوران تین دہشت گرد ہلاک اور 3 زخمی ہوئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق خیبر ضلع کے علاقے باڑہ میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں دو دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔
دوسری جانب جنوبی وزیرستان کے علاقے میں دہشت گرد افغانستان سے پاکستان میں داخل ہونے کی کوشش کررہے تھے، اس دوران سیکورٹی فورسز نے دہشت گردوں کیخلاف کارروائی کی ، جس کے نتیجے میں ایک دہشت گرد ہلاک اور تین زخمی ہوئے۔
پاکستان نے افغانستان کی عبوری حکومت سے بار بار مطالبہ کیا ہے کہ وہ اپنے علاقے میں سرحدی انتظامات کو مؤثر بنائے تاکہ دہشت گردوں کی پاکستان میں داخلے کی کوششوں کو روکا جا سکے۔ پاکستان کی جانب سے اس بات کا بھی مطالبہ کیا گیا ہے کہ افغانستان کی حکومت دہشت گردوں کو اپنے علاقے کا استعمال پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے لیے نہ کرنے دے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سیکورٹی فورسز اپنے سرحدوں کو محفوظ بنانے اور دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پُرعزم ہیں۔
صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیر اعظم شہباز شریف اور وزیر داخلہ محسن نقوی نے خیبر پختونخوا میں کامیاب آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔