شانگلہ کے علاقے بشام میں بیٹوں نے اپنے 90 سالہ بزرگ والد کی خواہش پوری کردی،بیٹوں نے بزرگ والد کیلئے دلہن لا کر مثال قائم کردی ۔
خیبر پختونخوا کے ضلع شانگلہ کے علاقے بشام شنگ میں ایک غیر معمولی اور دلچسپ واقعہ پیش آیا جہاں چار بیٹوں نے اپنے 90 سالہ والد مولانا سیف اللہ کی دیرینہ خواہش پوری کرتے ہوئے ان کی شادی کروا دی ۔
مولانا سیف اللہ کی شادی کا بندوبست ان کے بیٹوں نے خود کیا، اور دلہن کی تلاش کے بعد ان کا نکاح ایک تولہ سونے کے حق مہر پر پڑھایا گیا، شادی کی تقریب میں نواسوں، پوتوں، پوتیوں اور اہل علاقہ نے بھرپور شرکت کی ۔
یہ واقعہ ہمارے معاشرتی رویوں اور روایتی سوچ کے برعکس ایک مثبت مثال قائم کرتا ہے، جہاں عمر کی قید کے بغیر خوشی اور جذبات کی قدر کی گئی، بیٹوں کا یہ قدم والد کی عزت، محبت اور خواہشات کو اہمیت دینے کی روشن مثال ہے ، علاقے کے عمائدین اور لوگوں نے چاروں بیٹوں کے اقدام کی ستائش کی ہے ۔