اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف آج سے 12 نومبر تک ترکیہ کے شہر انطالیہ کا دورہ کریں گے۔
وزیراعظم اقوام متحدہ کے فریم ورک کنونشن برائے موسمیاتی تبدیلی کے 31ویں اجلاس (کاپ 31) کے سربراہی اجلاس میں شرکت کریں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف اپنے دورے کے دوران 11 نومبر کو کاپ 31 کے سربراہی اجلاس سے خطاب کریں گے۔
وہ عالمی برادری پر زور دیں گے کہ کرہ ارض کو موسمیاتی تبدیلی کے خطرات سے محفوظ رکھنے کے لیے ٹھوس اور عملی اقدامات کیے جائیں۔
وزیراعظم اپنے خطاب میں پاکستان میں شمسی توانائی کے استعمال کو تیزی سے فروغ دینے اور قابلِ تجدید توانائی کی پیداواری صلاحیت میں اضافے کے لیے کیے جانے والے اقدامات کو اجاگر کریں گے۔
وہ صاف ستھری اور موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھنے والی معیشت کی جانب پاکستان کی پیش رفت، قدرتی آفات سے نمٹنے کی تیاری اور قبل از وقت انتباہی نظام کو مزید مؤثر بنانے کے اقدامات پر بھی روشنی ڈالیں گے۔
وزیراعظم ترقی پذیر ممالک کی موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنے کی صلاحیت بڑھانے اور پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کے لیے قابلِ پیش گوئی، مناسب اور آسان رسائی پر مبنی موسمیاتی مالی معاونت کی فراہمی پر بھی زور دیں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف سربراہی اجلاس کے موقع پر کاپ 31 کی صدارت کی جانب سے بلائے گئے اعلیٰ سطح کے گول میز اجلاس میں بھی شرکت کریں گے۔
اس کے علاوہ وہ ترکیہ کی قیادت اور دیگر عالمی رہنماؤں سے دوطرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے۔

