پاکستان تحریک انصاف کے سینئر نائب صدر شیر افضل مروت کا کہنا ہے کہ میرے کاغذات نامزدگی مسترد کئے گئے ہیں جو مضحکہ خیز ہے کیونکہ سپریم کورٹ کا آرڈر ہے کسی ایف آئی آر کی بنیاد پر کاغذات مسترد نہیں کئے جا سکتے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ کاغذات نامزدگی مسترد کرکے دھوکے کا ارتکاب کیا گیا ہے، میں ڈبلیو ایس ایس پی کے خلاف فوجداری کارروائی کا ارادہ رکھتا ہوں۔
سینئیر نائب صدر پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی انٹرا پارٹی کیس میں کل جو آرڈر ہوا ہے اس پر افسوس ہے۔ اگر عدالت 9 تاریخ تک کیس ملتوی کر دیتی تو کوئی مسئلہ نہیں تھا، اس آرڈر سے تحریک انصاف کے لئے مشکلات کھڑی کر دی گئی ہیں۔ ہمیں توقع نہیں تھی کہ ایسا فیصلہ ہوگا۔ شیر افضل مروت نے کہا کہ میں ذاتی طور پر سمجھتا ہو کہ اس حکم نامے سے جج صاحب کا تعصب ظاہر ہوا ہے۔