رہنما تحریک انصاف سہیل آفریدی نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے عہدے کا حلف اٹھا لیا، گورنر فیصل کریم کنڈی نے نو منتخب وزیراعلیٰ سے حلف لیا ۔
پشاور: گورنر ہاؤس میں نومنتخب وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کی حلف برداری تقریب ہوئی، حلف برداری تقریب میں سیاسی و سماجی شخصیات، پی ٹی آئی کی مرکزی و صوبائی قیادت سمیت دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی ۔
حلف برداری تقریب میں اعلیٰ سرکاری حکام بھی شریک ہوئے، گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے پشاور ہائیکورٹ کے حکم کی روشنی میں سہیل آفریدی سے بطور وزیر اعلیٰ ان کے عہدے کا حلف لیا ۔
اس موقع پر گورنر ہاوس میں بڑی تعداد میں پی ٹی آئی کارکن بھی موجود تھے،حلف کے دوران شدید بدنظمی ہوئی اور کارکنان سٹیج پر موجود رہے اور نعرے بازی کرتے رہے ۔
دوسری جانب محمد سہیل آفریدی خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ مقرر ہو گئے، خیبرپختونخوا حکومت نے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ۔
حکومتِ خیبرپختونخوا کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق محمد سہیل آفریدی نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے عہدے کا حلف اٹھا لیا ہے ۔
نوٹیفکیشن کے مطابق یہ اقدام آئینِ پاکستان کے آرٹیکل(5) 130 کے تحت کیا گیا، جس کے بعد محمد سہیل آفریدی نے آج 15 اکتوبر 2025 کو گورنر خیبرپختونخوا کے سامنے حلف اٹھایا اور باضابطہ طور پر اپنی ذمہ داریاں سنبھال لیں ۔
انتظامی امور کے تحت نوٹیفکیشن کی کاپیاں صدرِ پاکستان، وزیراعظم، تمام صوبائی حکومتوں اور متعلقہ اداروں کو ارسال کر دی گئی ہیں ۔