پاکستان ہاکی کے ہونہار کھلاڑی سفیان خان کو انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن نے ایمرجنگ پلیئر آف دی ایئر قرار دیا ہے۔ سفیان خان کا تعلق ہاکی کےلیے مشہور خطہ بنوں سے ہے۔ یہ بہت بڑا اعزاز ہے کہ قومی کھیل ہاکی کے نوجوان کھلاڑی سفیان خان کی صلاحیتوں کا اعتراف عالمی سطح پر کیا گیا ہے اور انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن نے انہیں ایمرجنگ پلیئر آف دی ایئر قرار دیا ہے۔ نوجوان قومی کھلاڑی کو آج اومان میں اس ایوارڈ سے نوازا گیا۔
سفیان خان نے اس سال اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ میں بہترین کھلاڑی کا اعزاز حاصل کیا تھا جب کہ حال ہی میں چین میں منعقدہ ایشین چیمپئنز ٹرافی میں بھی چار گول کیے تھے۔
واضح رہے کہ ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان کی جانب سے تیسری پوزیشن حاصل کرنے کے بعد فیڈریشن آف انٹرنیشنل ہاکی نے ایف آئی ایچ اسٹارز ایوارڈ کی نامزدگیوں کا اعلان ماہرین کی رائے کے بعد کیا تھا۔
پاکستان نے جنوبی کوریا کو تیسری پوزیشن ے لیے پانچ دو سے شکست دے کر 8 سال بعد ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی میں کانسی کا تمغہ حاصل کیا تھا۔