بلوچستان کے شہر خضدار میں بچوں کو سکول لے جانے والی بس پر خودکش حملے کے نتیجے میں سکول بچوں سمیت 5 افراد جاں بحق اور متعدد شدید زخمی ہوگئے ہیں ۔
پاک فوج کے شعبہ اطلاعات عامہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بھارتی حمایت یافتہ دہشتگردوں نے سکول کے بچوں کو نشانہ بنایا ہے ۔
آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ دہشتگردحملے میں 3 بچوں سمیت 5 افراد جاں بحق جبکہ متعدد بچے زخمی بھی ہوئے ہیں ۔
آئی ایس پی آر کا مزید کہنا ہے کہ دہشتگرد حملے کی منصوبہ بندی بھارت کی دہشتگرد ریاست نے کی ۔
افسوس ناک واقعہ خضدار کے زیرو پوائنٹ پر پیش آیا، جہاں ایک اسکول وین معمول کے مطابق بچوں کو لے جا رہی تھی کہ اچانک زوردار دھماکے نے قیامت صغریٰ کا منظر پیش کردیا ۔
جائے وقوع پر موجود عینی شاہدین نے بتایا کہ دھماکے کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ بس مکمل طور پر تباہ ہو گئی اور کئی زخمی بچے سڑک پر جا گرے ۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ یہ حملہ خودکش نوعیت کا تھا، جس میں حملہ آور نے بس کے قریب خود کو دھماکے سے اڑا دیا ۔
دھماکے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیموں نے جائے وقوع پہنچ کر زخمیوں کو فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کیا، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ کچھ بچوں کی حالت تشویشناک ہونے کی وجہ سے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے ۔
دوسری جانب پولیس اور سکیورٹی اداروں نے فوری طور پر علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے، جائے وقوع سے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں اور دہشت گرد کے سہولت کاروں کی تلاش جاری ہے ۔