ضلعی پولیس آفیسر سوات کے مطابق سیاحتی وادی مالم جبہ روڈ شیر آباد کے مقام پر دھماکہ ہوا جس میں 4 پولیس اہلکار شدید زخمی ہو گئے ۔
ڈی پی او کے مطابق زخمی پولیس اہلکاروں کو ہسپتال منتقل کیا گیا جن میں ایک زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہو گئے ۔
پولیس حکام کے مطابق شہید اہلکار کی شناخت برہان کے نام سے ہوئی جبکہ زخمیوں میں کانسٹیبل سرزمین،حسین گل اور امان اللہ شامل ہیں ۔
ڈی پی او کا مزید کہنا تھا کہ دھماکے سے پولیس گاڑی کو بھی نقصان پہنچا ۔
ذرائع کے مطابق 12 ممالک کے سفیروں پر مشتمل قافلہ مالم جبہ کی طرف جا رہا تھا کہ قافلے میں شامل پولیس گاڑی کو نشانہ بنایا گیا ۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سفیروں کا قافلہ واپس اسلام آباد کی طرف روانہ کردیا گیا۔
ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ سفیروں میں انڈونیشیا، پرتگال، قزاقستان، بوسنیا اینڈ ہیرزگوینیا، زمبابوے، روانڈا، ترکمانستان، ویت نام، ایران، روس اور تاجکستان کے سفیر شامل تھے۔
بم دھماکے کے بعد پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچی اور مزید تفتیش شروع کردی ہے ۔