Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

شمالی وزیرستان میں دہشتگردوں کا چیک پوسٹ پر حملہ، دو افسران سمیت 7 فوجی جوان شہید

شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں دہشتگردوں کے حملے میں لیفٹیننٹ کرنل اور کیپٹن سمیت 7 فوجی جوان شہید ہوگئے جب کہ کلیئرنس آپریشن کے دوران  6 دہشتگردوں کو جہنم واصل کردیا گیا۔

آئی ایس پی آر  کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں دہشتگردوں نے  سکیورٹی چیک پوسٹ پر حملہ  کیا اور بارود سے بھری گاڑی چیک پوسٹ سے ٹکرادی اور گاڑی کی چیک پوسٹ کو ٹکر کے بعد متعدد خودکش حملے کیے۔ ان خودکش حملوں کے نتیجے میں عمارت کا ایک حصہ گرگیا جس کے نتیجے میں 5 جوانوں نے جام شہادت نوش کیا۔

 آئی ایس پی آر کے مطابق خودکش حملوں کے بعد لیفٹیننٹ کرنل کاشف کی قیادت میں کلیئرنس آپریشن کیا گیا جس میں تمام 6 دہشتگردوں کو جہنم واصل کردیا گیا جب کہ آپریشن کے دوران فائرنگ کے شدید تبادلے میں لیفٹیننٹ کرنل کاشف اور کیپٹن احمد بدر شہید ہوگئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق شہید ہونے والے 39 سال کے لیفٹیننٹ کرنل کاشف کا تعلق کراچی سے ہے اور 23سال کےکیپٹن محمداحمد بدر کا تعلق تلہ کنگ سے ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق دیگر شہدا میں حوالدار صابر، نائیک خورشید، سپاہی ناصر، سپاہی راجہ اور سپاہی سجاد شامل ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق شہید حولدار صابرکا تعلق ضلع خیبر، شہید نائیک خورشید کا لکی مروت، شہید سپاہی ناصرکا  پشاور، شہید راجہ کا کوہاٹ اور شہید سپاہی سجاد کا تعلق ایبٹ آباد سے ہے۔

آئی ایس پی آرکا کہنا ہےکہ پاکستان کی سکیورٹی فورسز ملک سے دہشتگردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں، ہمارے بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.