اسلام آباد: وزارت خزانہ میں کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ معاشی میدان میں اہم کامیابیوں کا سلسلہ جاری ہے، ترسیلات زر میں 35فیصد اضافہ ہوا ہے اور ترسیلات زر35 ارب ڈالر سے بڑھ جائیں گی، مہنگائی ساڑھے 6 سال کی کم ترین سطح پر آگئی ہے سٹیٹ بینک نے مسلسل پانچویں بار شرح سود میں کمی کی ہے ۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ پالیسی ریٹ کا 13فیصد پر آنا معیشت کے لیے اہمیت کا حامل ہے، کاروباری برادری کے اعتماد میں نمایاں اضافہ ہوا ہے اور معاشی استحکام کے ساتھ شرح نمو میں اضافہ ترجیح ہے جبکہ سیمنٹ کی فروخت میں 5 فیصد اضافہ ہوا ہے ۔
وفاقی وزیر خزانہ کا مزید کہنا تھا کہ سوال اٹھایا جاتا ہے کہ عام آدمی پر معاشی بہتری کا اثر کیوں نہیں پڑ رہا مرغی، دالوں کی قیمتیں مڈل مین کے کردارکے باعث کم نہیں ہو رہیں، مرغی، دالوں کی قیمتیں دنیا بھر میں کم ہوئیں ہم بھی مانیٹر کریں گے ۔
وزیرخزانہ نے کہاکہ روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس کے ذریعے ترسیلات ذر کا حجم 9 ارب ڈالر سے تجاوز کر گیا ہے گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں جاری مالی سال کے دوران روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس کے ذریعے ترسیلات ذر میں سالانہ بنیادوں پر 31فیصد کا اضافہ ہو اہے، ٹیکنالوجی کے شعبہ سے بھی اچھی خبریں آرہی ہے، ٹیکنالوجی کی برآمدات میں 25فیصد کا اضافہ ہوا ہے ۔
انہوں نے کہاکہ زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہواہے، 16ماہ پہلے ہمارے پاس دو ہفتوں کا درآمدی کور تھا جو اب 2.6 ماہ کا ہو چکا ہے، امید ہے کہ اس سال کے اختتام پر ہمارے پاس درآمدی کور تین ماہ کا ہو جائے گا، یہ پاکستان کی ریٹنگ کے حوالہ سے بھی اہمیت کا حامل ہے اور ہماری کریڈٹ ریٹنگ میں بہتری آجائے گی ۔