عام انتخابات کیلئے انتخابی مہم کا آج آخری روز ہے۔الیکشن کمیشن کے قواعد کے مطابق رات 12بجے تک تمام سیاسی سرگرمیاں ختم کرنی ہونگیں
ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق انتخابی مہم کا وقت ختم ہونے کے بعد خلاف ورزی کی صورت میں قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ووٹ کاسٹ کرنے کیلئے اصلی شناختی کارڈ لازمی ہے۔زائد المیعاد شناختی کارڈ پر بھی ووٹ ڈالا جا سکے گا۔ترجمان نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کے ملازمین نے محدود وقت میں اپنی محنت اور منظم منصوبہ بندی کے ذریعے اہم ذمہ داری کی تکمیل کی۔ بیلٹ پیپرز کی ترسیل کا عمل زمینی اور ہوائی دونوں طریقوں سے مکمل کرلیا گیاہے ۔چیلنجز کے باوجود کمیشن نے وقت پر یہ کام مکمل کیا تاکہ تمام ووٹرز ملکی انتخابات میں بہترین اور منظم طور پر شرکت کر سکیں۔
الیکشن کمیشن نے ملک بھر میں انتخابات کیلئے 7لاکھ بیلٹ باکس کا انتظام کر لیا جبکہ ووٹنگ کیلئے 2لاکھ 76ہزار سے زائد پولنگ بوتھ قائم کئے جائیں گے۔ ہر پولنگ بوتھ پر دو بیلٹ باکس رکھے جائیں گے۔ایک بیلٹ باکس میں قومی اسمبلی اور دوسرے میں صوبائی اسمبلی کیلئے ووٹ کاسٹ ہوں گے۔ملک بھرمیں 5لاکھ 52ہزار بیلٹ باکس استعمال ہوں گے جبکہ ڈیڑھ لاکھ ریزرو رکھے جائیں گے۔بیلٹ باکس بھرجانے پر دوسرا بیلٹ باکس فراہم کیا جائے گا۔بیلٹ پیپرز کی پرنٹنگ کا کام مکمل ہو چکا ہے۔صوبائی سطح پر سکیورٹی، ٹرانسپورٹ، مواصلاتی اور ایمرجنسی پلان بھی تیار ہے۔