پاکستان نے اپنے دفاع کی تاریخ میں ایک اور سنہرا باب رقم کر دیا۔ "آپریشن بنیان مرصوص میں دشمن کو منہ توڑ جواب دے کر پاکستان نے ثابت کر دیا کہ ملکی سالمیت اور خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ ممکن نہیں۔ اس تاریخی فتح پر ملک بھر میں یومِ تشکر ملی جوش و جذبے سے منایا گیا۔
دن کا آغاز توپوں کی سلامی، قومی پرچم کشائی اور دعاؤں سے ہوا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے پرچم کشائی کی تقریب سے خطاب میں مسلح افواج کو خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ دشمن کی چالاکیوں کو ناکام بنانے کا کریڈٹ افواج پاکستان کی جرات مندانہ حکمتِ عملی کو جاتا ہے۔
مظفرآباد میں یوم تشکر بھرپور جوش و خروش سے منایا گیا۔ طلبہ نے نلوچی پل سے سپریم کورٹ چوک تک عظیم الشان ریلی نکالی، جس میں عسکری قیادت کی تصاویر والے پلے کارڈز، نعرے اور ملی جوش شامل تھا۔ پاک فوج کی 21 توپوں کی سلامی اور مساجد میں خصوصی دعائیں اس دن کا خاصہ تھیں۔
وزیراعلیٰ ہاؤس میں چاک و چوبند پولیس کے دستے نے سلامی دی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے اس موقع پر کہا کہ یہ فتح نڈر قیادت، بہادر افواج اور قوم کے اتحاد کا نتیجہ ہے۔ مزار اقبال پر بھی تقریب ہوئی جہاں کور کمانڈر اور گورنر پنجاب نے حاضری دی، پھول رکھے اور فاتحہ پڑھی۔
اپوا کالج میں ریٹائرڈ ایئر کموڈور خالد فاروق چشتی نے خطاب میں کہا کہ پاک فوج نے قربانیوں سے نئی نسل کو تحفظ دیا۔
گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے گورنر ہاؤس میں پرچم کشائی کی تقریب میں شرکت کی۔ اسکول کے بچوں، سرکاری ملازمین، اور پاک فوج کے افسران نے دعاؤں اور قومی ترانے کے ساتھ یوم تشکر منایا۔ گورنر نے کہا کہ یہ کامیابی سپہ سالار جنرل عاصم منیر کی قیادت اور افواج پاکستان کی حکمت عملی کی عکاس ہے۔
میران شاہ ماڈل اسکول میں پرچم کشائی کی پروقار تقریب ہوئی۔ شہداء کے لیے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی اور بھارتی جارحیت کے خلاف کامیابی پر خصوصی دعائیں کی گئیں۔
مرکزی تقریب گورنمنٹ وقار النساء کالج میں منعقد ہوئی جس میں وزراء، ایم این ایز اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ جوانانِ پاکستان کی ریلی نے بھارت کے خلاف تاریخی فتح پر پاک افواج کو خراج تحسین پیش کیا۔ نعرے لگائے گئے کہ "مودی اب سرینڈر مودی بن چکا ہے”۔
میئر انور علی لہر نے میونسپل کارپوریشن آفس میں تقریب کی قیادت کی، جہاں "پاکستان زندہ باد، پاک افواج پائندہ باد” کے فلک شگاف نعرے گونجے۔
ملکہ کوہسار نے سبز ہلالی پرچم اور روشنیوں میں نہا کر یومِ تشکر منایا۔ ریلیوں میں طلبہ، شہری، اور ضلعی انتظامیہ نے شرکت کی، جنہوں نے پاک فوج کے اعزاز میں نعروں سے فضا گونجا دی۔
شعیب صدیقی نے شہداء کے گھروں کا دورہ کیا، فاتحہ خوانی کی اور کہا کہ آپریشن بنیان مرصوص حق و باطل کی پہچان بن چکا ہے۔ پاک فضائیہ کی کارروائی نے دشمن کے خواب چکنا چور کر دیے۔