ہیلی کاپٹر کے نہایت ہی افسوسناک واقعے میں شہید ہونے والے ایرانی صدر ابراہیم رئیسی اور وزیر خارجہ امیر عبداللہیان سمیت دیگر حکام کی نمازجنازہ آج تبریز میں ادا کی جائے گی۔
ایران کے سرکاری میڈیا نے اس افسوسناک حادثے کا سبب ہیلی کاپٹر میں تکنیکی خرابی کو قرار دیا ہے۔ ان کے مطابق ایرانی صدر کے ہیلی کاپٹر کا ملبہ ایرانی ڈرونز نے سرچ کیا تھا۔ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کی وفات پر مشہد اور قم سمیت مختلف شہروں میں سوگ منایا جارہا ہے، جبکہ اس کے ساتھ ہی ایران میں قومی سانحے پر آج سے پانچ روزہ یوم سوگ منایا جائے گا۔
دوسری طرف ایرانی آرمی چیف نے صدر ابراہیم رئیسی کے ہیلی کاپٹر حادثے کی تحقیقات کا حکم دیا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق چیف آف اسٹاف محمد باقری نے اعلیٰ سطح کمیٹی کو حادثے کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔ اعلیٰ سطح کمیٹی ہیلی کاپٹر حادثے کی وجوہات کاتعین کریں گی۔