اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے خیبرپختونخوا کے ضلع مردان کی تحصیل کاٹلنگ میں دہشتگردوں کے خلاف کامیاب کارروائی پر سیکیورٹی فورسز کی تعریف کی ہے ۔
وزیر اعظم نے کاٹلنگ میں دہشتگردوں اور انکے سہولت کاروں کی بڑی تعداد اور قلات میں کاروائی میں 6 دہشت گردوں کو جہنم رسید کرنے پر سیکیورٹی فورسز کے افسران و اہلکاروں کی پیشہ ورانہ مہارت کی تعریف کی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان نے کاٹلنگ میں دہشتگردوں کے ٹھکانوں کو تباہ کرکے ملک کو بڑے نقصان سے بچایا، دہشتگردوں سمیت کسی بھی قسم کی دہشت گرد تنظیم کو ملک کا امن تباہ کرنے کی اجازت نہیں دیں گے ۔
وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گردی کے عفریت کے ملک سے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے، دہشت گردوں کے ناپاک عزائم سے ملک کی حفاظت کے لیے پوری قوم افواج پاکستان کے غیر متزلزل عزم میں بہادر جوانوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے ۔