پشاور (حسن علی شاہ سے): بولڈ اور حساس موضوعات پر کام کرنے کے حوالے سے پہچانے جانے والے اظہار بوبی نے ایک بار پھر اپنے فن اور سچائی کا مظاہرہ کرتے ہوئے "زنجیرونہ” کے نام سے ایک نیا ڈرامہ سیریل تیار کیا ہے، جو بیک وقت پشتو میں خیبر ٹیلیویژن اور اردو میں کے ٹو ٹیلیویژن پر ہفتہ وار نشر ہو رہا ہے۔ اس سے قبل وہ "نیمگڑے روح” جیسے جرات مندانہ موضوع پر بھی کام کر چکے ہیں۔
اس ڈرامے میں لکھاری نے معاشرے کے ان عناصر کو بے نقاب کیا ہے جو سود جیسے غیر شرعی اور غیر اسلامی کاروبار میں ملوث ہیں۔ ایسے لوگ سود کی وصولی کے لیے ظلم، تشدد اور انتہائی سفاک رویہ اختیار کرتے ہیں، جو شیطانیت کی بدترین مثال ہے۔ یہ بات خاص طور پر قابل ذکر ہے کہ اتنے حساس اور بولڈ موضوع پر مبنی یہ سیریل خیبر ٹیلیویژن پر نشر ہو رہا ہے، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ یہ ادارہ معاشرتی برائیوں کے خاتمے کے لیے اپنا قومی اور مذہبی فریضہ ادا کر رہا ہے۔
مرکزی کردار سینئر اداکار سلطان حسین (بابا خان) نے نبھایا ہے، جنہوں نے اپنی شاندار باڈی موومنٹ، فٹ ورک، مکالموں کی جاندار ادائیگی اور چہرے کے بھرپور تاثرات کے ذریعے اپنے منفی کردار میں جان ڈال دی ہے۔ اس کے علاوہ توحید اللہ، بی بی شیرینے، فیمید خان، شہناز پشاوری، نادیہ علی، طارق جمال، سلیم شوق، نادیہ خان، خالدہ یاسمین اور نیک محمد جیسے معروف فنکار بھی اپنی اداکاری سے ناظرین کو متاثر کر رہے ہیں۔
ڈرامے کی لوکیشنز، کیمرہ ورک، بیک گراؤنڈ میوزک، ٹائٹل سونگ، کاسٹیومز اور ٹاپ شاٹس دیکھ کر یہ کہنا بے جا نہ ہوگا کہ ڈائریکٹر اور ان کی پوری ٹیم نے پیشہ ورانہ مہارت کا شاندار مظاہرہ کیا ہے۔