Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

پہلا ٹیسٹ: آسٹریلیا کے خلاف پاکستانی ٹیم پہلی اننگز میں 240 رنز پرآؤٹ

آسٹریلیا کے خلاف پہلے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں پاکستانی ٹیم 240 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔ پاکستان کے کپتان اظہر علی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ پاکستان کی جانب سے نوجوان فاسٹ باولر نسیم شاہ ٹیسٹ ڈیبیو کررہے ہیں۔

گرین کیپس کی جانب سے شان مسعود اور اظہر علی نے اننگز کا آغاز کیا اور ٹیم کو 75 رنز کا آغاز فراہم کیا، پاکستان کو پہلا نقصان شان مسعود کی صورت میں ہوا جو 27 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

قومی ٹیم کے اسکور میں بغیر کوئی اضافہ کیے اظہر علی بھی 39 رنز بنا کر اپنی وکٹ گنوا بیٹھے جب کہ حارث سہیل آسٹریلیا میں ایک بار پھر ناکام رہے اور صرف ایک رن بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ بابراعظم بھی ایک رن بنا کر آؤٹ ہو گئے جب کہ جارح مزاج افتخار احمد صرف 7 رنز بنا سکے۔ 75 پر پہلی وکٹ گرنے کے بعد صرف 19 رنز کے اضافے سے قومی ٹیم کے 5 کھلاڑی آؤٹ ہوئے۔

نئی گیند ملنے کے بعد مچل اسٹارک بولنگ کے لیے آئے اور پہلے ہی اوور میں یاسر شاہ کو 26 رنز پر کلین بولڈ کر دیا، اگلی ہی گیند پر شاہین شاہ آفریدی بغیر کوئی رن بنائے وکٹوں کے پیچھے کیچ آؤٹ ہو گئے۔

اگلے اوور میں پیٹ کمنز کی اندر آتی گیند پر اسد شفیق بھی کلین بولڈ ہو گئے، انہوں نے 134 گیندوں پر 7 چوکوں کی مدد سے 76 رنز اسکور کیے۔ پاکستان کے آخری آؤٹ ہونے والے کھلاڑی نسیم شاہ تھے جو 7 رنز بنا کر مچل اسٹارک کی گیند پر ان ہی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے اور اس طرح پوری ٹیم 86 اعشاریہ 2 اوورز میں 240 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔

 

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.