Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

امریکی صدرنے وزیراعظم عمران خان کو ایران سے بات چیت کا مینڈیٹ دے دیا,وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی

نیو یارک : وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وزیراعظم عمران خان کو ایران سے بات چیت کا مینڈیٹ دے دیا ہے، وہ جلد ایرانی صدر سے ملاقات کریں گے۔

وزیراعظم عمران خان اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ملاقات کے حوالے سے شاہ محمود قریشی نے بتایا کہ ‘کشمیر کی صورتحال پر وزیراعظم نے کھل کر امریکی صدر ٹرمپ کو بریف کیا، وزیراعظم نے امریکی صدر کو آگاہ کیا کہ مقبوضہ کشمیر میں 80 لاکھ افراد محصور ہیں’۔

شاہ محمود قریشی کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے ٹرمپ سے صاف صاف کہا کہ اگر بھارت کسی کی بات سنے گا تو وہ امریکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ‘وزیراعظم عمران خان نے واضح کہا کہ افغان مسئلے کا واحد حل مذاکرات ہیں، وزیراعظم نے کہا کہ افغان مسئلے پرجلد پیش رفت د یکھنا چاہتے ہیں’۔

 

وزیرخارجہ نے بتایا کہ وزیراعظم نے ایران کے معاملے پر ڈونلڈ ٹرمپ سے کہا کہ ‘خطہ کسی جنگ کا متحمل نہیں ہوسکتا، سوچے سمجھے بغیر جنگ ہوئی تو خطرناک نتائج ہوں گے، پاکستان نہیں چاہے گا کہ خطے میں کوئی بحران ہو’۔

شاہ محمود قریشی نے بتایا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وزیراعظم عمران خان کو ایران سے بات چیت کا مینڈیٹ دے دیا ہے، وزیراعظم عمران خان نے کہا وہ ایران کے معاملے پر بات کرنے کو تیار ہیں جس پر صدر ٹرمپ نے کہا بالکل اگر آپ بات بڑھانا چاہتے ہیں توبڑھائیں۔

وزیر خارجہ کے مطابق وزیراعظم عمران خان ایرانی صدر حسن روحانی سے ملاقات کریں گے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.