Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

خواتین کو حقوق دیئےبغیرکوئی جدوجہد کامیابی سےہمکنارنہیں ہوسکتی،اسفندیارولی خان

عالمی یوم خواتین کامقصد دنیا بھرکی خواتین کو معاشرے میں ان کاجائزمقام دلانےکی کوشش کرناہے،خواتین رسم و رواج کی زنجیروں میں بندھی آج بھی اپنی شناخت کی تلاش میں ہیں،عورت اورمردکےمعاشرتی،اقتصادی ترقی میں مساوی حصہ کےبغیرترقی اورخوشحالی کا حصول ممکن نہیں ،عالمی یوم خواتین کے موقع پر پیغام 

پشاور۔عوامی نیشنل پارٹی کےمرکزی صدراسفندیار ولی خان نےکہاہےکہ خواتین کا عالمی دن منانےکا مقصد دنیا بھرمیں رہنےوالی تمام خواتین کو معاشرے میں ان کاجائز مقام دلانےکی کوشش کرناہےتا کہ وہ بھی برابری کی بنیاد پرباعزت زندگی گزارسکیں،

عالمی یوم خواتین پر اپنےپیغام میں انہوں نےکہا کہ ستم ظریفی یہ ہے کہ آج بھی دنیا بھر اور خصوصی طور پر تیسری دنیا کے اکثر ممالک میں خواتین اپنے بنیادی حقوق سے محروم ہیں،انہوں نےکہاکہ اے این پی واحد سیاسی جماعت ہےجس کاکوئی الگ خواتین ونگ نہیں بلکہ نہ صرف بنیادی تنظیم سےلےکرمرکزی تنظیم اوراداروں میں خواتین کو کثیرتعداد میں شریک کیاگیا ہےبلکہ پارلیمانی سیاست میں قومی اسمبلی، صوبائی اسمبلی اور سینیٹ میں بھی مناسب حصہ دیا گیا ہے کیونکہ یہ سوچ ہمیں باچاخان بابا اورولی خان بابا سےورثےمیں ملی ہے،

انہوں نےکہاکہ خواتین صدیوں سے روایتوں کی چکی میں پس رہی ہیں اور رسم و رواج کی زنجیروں میں بندھی اب بھی اپنی شناخت کی تلاش میں ہیں،انہوں نےکہاکہ 1977میں اقوام متحدہ نے پہلی بار باقاعدہ طور پر خواتین کے حقوق اوران کا عالمی دن منانےکیلئے 8مارچ کا دن مخصوص کیاجبکہ اقوام متحدہ کی جانب سےہرسال اس دن کیلئے خاص موضوع کا انتخاب کیا جاتارہا ہے،

اسفندیارولی خان نے کہا کہ خواتین کو اپنے حقوق سے مکمل آگاہی کی ضرورت ہے کیونکہ لاعلمی کی وجہ سے ان کے حقوق غصب کئے جاتے ہیں ،انہوں نے کہا کہ یہ صرف ایک دن ہی نہیں بلکہ معاشرے کو اعلیٰ مقام تک پہنچانے کیلئے ہمیں سال بھر خواتین کے حقوق دلانے کی ضرورت ہے تا کہ ایک ترقی یافتہ جدید اور برابری کی بنیاد پر معاشرے کا قیام جلد سے جلد ممکن ہو سکے۔

انہوں نےکہاکہ انسانیت کی بنیاد پر عورت اورمرد انسان ہیں اورہرانسان کےبنیادی حقوق ہوتےہیں،خواتین کو جدید خطوط پرمعاشرے میں فعال کردار ادا کرنےکیلئےابھی بہت سےاقدامات اٹھانےباقی ہیں جس کیلئےبھرپورجدوجہد کی ضرورت ہےاوراے این پی اس جدوجہد میں فعال کردار ادا کرے گی۔

جدید عہد کےشعور کےمطابق عورت اورمردمعاشرتی،اقتصادی ترقی میں مساوی حصہ رکھتےہیں اورتمام امورمیں برابرکےشریک ہیں اور ان کی شرکت کےبغیر ترقی اورخوشحالی کا حصول ممکن نہیں۔اسفندیار ولی خان نےکہاکہ ستر سال گزرنے کے باوجود پاکستان میں خواتین کی تعلیم ، صحت اور تحفظ کی صورتحال تشویش ناک ہے۔

انہوں نےکہاکہ پاکستان کی آبادی کابڑاحصہ خواتین پرمشتمل ہےاورملکی ترقی کیلئےانہیں تعلیم اوریکساں مواقع فراہم کرنےکی اشد ضرورت ہے،پاکستان کی خواتین کسی طرح بھی صلاحیتوں میں دوسرے ممالک کی خواتین سے کم نہیں ہیں،انہوں نے کہا کہ خواتین عوامی نیشنل پارٹی کے ساتھ جوش و ولولے کے ساتھ کھڑی ہیں جو خواتین کے حقوق سے متعلق اے این پی کے مؤقف کی پذیرائی کامنہ بولتا ثبوت ہے،خواتین اگراپنے حقوق کیلئے مردوں کے شانہ بشانہ کام کریں تو نہ صرف ترقی کی راہیں کھلیں گی بلکہ ایک مثالی معاشرہ کی تشکیل بھی ممکن ہو سکےگی’عوامی نیشنل پارٹی نے ہمیشہ خواتین کو مردوں کے برابر حقوق دیئےہیں’اور یہی وجہ ہےکہ خواتین نے ہر دو ر میں اے این پی پر بھر پور اعتماد کا اظہار کیا ہے.

‘انہوں نےکہاکہ پختون خواتین نے ہر دور میں مردوں کے شانہ بشانہ جدوجہد کی ہے جو تاریخ کا انمٹ باب ہے’عوامی نیشنل پارٹی نے آٹھ سو سےزائد شہداء کا نذرانہ پیش کرکے قوم کی بچیوں کا مستقبل بچایا اور آج صوبےبھرمیں خواتین اگر آزادی سےاپنی سرگرمیاں جاری رکھےہوئےہیں تو یہ انہی شہداء کےخون کے طفیل ہے’انہوں نےکہاکہ خواتین کو حقوق دیئےبغیر کوئی بھی جدوجہد کامیابی سےہمکنار نہیں ہوسکتی ۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.