Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

لاہور، کراچی , پشاور، اسلام آباد اور آزاد کشمیر سمیت ملک بھر میں آج یوم عاشور کے جلوس برآمد

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) لاہور، کراچی اور اسلام آباد سمیت ملک بھر میں آج یوم عاشور کے جلوس نکالے جا رہے ہیں۔ جن میں عزادار نواسہ رسول امام حسین کو پرسہ پیش کر رہے ہیں۔ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کیلئے سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ۔ مختلف شہروں میں موبائل سروس بھی معطل کر دی گئی ہے۔
لاہور میں یوم عاشور پر ذوالجناح کا مرکزی جلوس گذشتہ شب نثار حویلی سے برآمد ہوا۔ امام عالی مقام امام حسین اور ان کے رفقا کی عظیم قربانی کی یاد کو تازہ کرنے کیلئے عزاداروں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ گردونواح کے علاقوں سمیت دیگر شہروں سے آنے والے لاکھوں کی تعداد میں ماتمی حضرات سینہ کوبی کرتے ہوئے خانوادہ رسولۖکو تعزیت پیش کرتے رہے۔
کراچی میں یوم عاشور کا مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوا ۔ جو مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا کھارادر میں اختتام پذیر ہو گا۔ جلوس کی سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں۔ سینٹرل کنٹرول روم میں سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے روٹ کی مانیٹرنگ کی جا رہی ہے ۔ پولیس اور رینجرز کے7ہزار سے زائد اہلکار تعینات کئے گئے ہیں۔
پشاور میں یوم عاشورکا مرکزی ماتمی جلوس روایتی راستوں سے ہوتا ہوا منزل کی جانب رواں دواں ہے۔ شہر میں موبائل سروس جزوی طور پر معطل ہے ۔ یوم عاشور کے موقع پر پشاور میں12جلوس برآمد ہونگے۔ ماتمی جلوسوں کیلئے سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔
جلوس کی گزرگاہوں کو بی ڈی یوکی مدد سے کلئیرکیا گیا ۔ سی سی ٹی وی کیمروں سے جلوس کی نگرانی بھی جاری ہے۔ کوہاٹی گیٹ کے علاقے میں سپریم کمانڈ پوسٹ قائم ہے ۔ اندرون شہر دیگر6مختلف مقامات پر بھی سب کمانڈ پوسٹس قائم ہیں۔
پولیس نے تمام اونچی عمارتوں پر ماہر نشانہ بازتعینات کر دیئے ہیں ۔ شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر چیکنگ کا عمل مزید سخت کر دیا گیا۔ مختلف علاقوں میں موبائل سروس عارضی طور پرمعطل کی گئی ہے۔
کوئٹہ میں یوم عاشور کا جلوس امام بارگاہ سید آباد علمدارروڈ سے برآمد ہوا ۔ جلوس کی صدارت بلوچستان شیعہ کانفرنس کے صدر جواد رفیعی نے کی ۔ ظہر کے وقت باچا خان چوک پر علمائے کرام واقعہ کربلا میں پیش آنے والے واقعات پر روشنی ڈالیں گے ۔ جس کے بعد باجماعت نماز ظہرین ادا کی جائیگی۔23 دستوں پر مشتمل یوم عاشور کا جلوس رات8بجے ا طوغی روڈ ۔ لیاقت بازار اور پرنس روڈ سے ہوتا ہوا واپس علمدار روڈ پر اختتام پذیر ہوگا۔ بلوچستان شیعہ کانفرنس کے رضا کار سکیورٹی فورسز کے ہمراہ حفاظتی فرائض انجام دے رہے ہیں۔
آزاد کشمیر میں یوم عاشورہ کے42مقامات پر بڑے جلوس نکالے جا رہے ہیں۔ مظفرآباد میں یوم عاشورہ کا مرکزی جلوس امام بارگاہ پیر علم شاہ بخاری سے برآمد ہوا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.