Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

موجودہ حکومت کے تین سال کے دوران پاکستان کے اندرونی وبیرونی قرضوں میں 16ہزار ارب روپے کا اضافہ

حکومت قرضوں پر سود کی ادائیگی کی مد میں7 ہزار460ارب روپے ادا کر چکی

اسلام آباد(نیوز ڈیسک) وزارت خزانہ نے بتایا ہے کہ موجودہ حکومت کے تین سال کے دوران پاکستان کے کل قرضوں میں 16ہزار ارب روپے کا اضافہ ہوا اور حکومت قرضوں پر سود کی ادائیگی کی مد میں7 ہزار460ارب روپے ادا کر چکی۔

چیئرمین صادق سنجرانی کی زیر صدارت سینیٹ کا اجلاس ہوا جس میں وقفہ سوالات کے دوران گزشتہ3 سال میں سود کی ادائیگیوں کی تفصیلات ایوان میں پیش کی گئیں۔

وزارت خزانہ نے بتایا کہ حکومت قرضوں پر سود کی ادائیگی کی مد میں7ہزار460ارب روپے ادا کر چکی، تین سال میں سرکاری قرضوں میں14ہزار906ارب کا اضافہ ہوا اور سود کی مد میں50فیصد ادائیگی کی گئی۔
4 وزارت خزانہ نے تحریری جواب میں کہا کہ سرکاری قرضوں میں واضح کمی آ رہی ہے، سال 2020-21 میں ڈیٹ ٹو جی ڈی پی کی شرح فیصد کم ہوئی اور رواں مالی سال اس شرح میں2سے3فیصد کمی کا امکان ہے۔

وزارت خزانہ نے اندرونی وبیرونی قرضوں کی تفصیلات ایوان میں پیش کرتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ تین سالوں کے دوران پاکستان کے کل اندرونی وبیرونی قرضوں میں16ہزار ارب کا اضافہ ہوا۔ جون2018میں ملک پر کل قرض 25ہزار ارب روپے تھا، جو اگست2021تک بڑھ کر 41ہزار ارب تک پہنچ گیا، تین سال میں پاکستان کے اندرونی قرض میں 10ہزار ارب کا اضافہ ہوا،

جون 2018میں ملک کے اندرونی قرض16ہزار ارب تھے، جو اگست2021تک26ہزار ارب سے بڑھ گئے۔ جون2018میں بیرونی قرض ساڑھے8ہزار ارب تھا، جو اگست2021 تک ساڑھے 14ہزار ارب سے تجاوز کرگیا۔ اس طرح تین سال کے دوران ملک کے بیرونی قرض میں ساڑھے 6ہزار ارب کا اضافہ ہوا۔

وزیر مملکت علی محمد خان نے اظہار خیال کیا کہ بدقسمتی سے ہم سودی نظام سے باہر نہیں نکلے، ہماری کوشش ہے کہ سود سے نکلیں، کوشش کررہے ہیں کہ اپنی معیشت مضبوط کریں تاکہ سود سے چھٹکارا ملے، بدقسمتی سے ہمیں مجبورا ہمیں آئی ایم ایف کے پاس جانا پڑا۔

وزارت منصوبہ بندی نے تفصیلات ایوان میں پیش کردیں ، ان کے مطابق 2015-16کے سروے کے مطابق24.3فیصد آبادی خط غربت سے نیچے زندگی گزاررہی تھی۔ 2018-19کے سروے کے مطابق پاکستان کی21.9فیصد آبادی خط غربت سے نیچے زندگی گزاررہی تھی،2018-19میں غربت کی شرح میں کمی آئی ہے۔

وزارت منصوبہ بندی نے کہا کہ2021-22کے سالانہ پلان میں توقع ظاہر کی ہے کہ احساس کفالت پروگرام کی وجہ سے غربت میں 2پوائنٹس کی کمی واقع ہوگی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.