Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

پاکستان میں کورونا وائرس سے مزید 9 افراد جاں بحق، مصدقہ مریضوں کی تعداد 18235 تک جا پہنچی

ملک میں آج کورونا وائرس سے اب تک مزید 9 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 417 ہوگئی جب کہ نئے کیسز سامنے آنے سے مصدقہ مریضوں کی تعداد 18235 تک جا پہنچی ہے۔اب تک سب سے زیادہ اموات خیبرپختونخوا میں سامنے آئی ہیں جہاں کورونا سے 161 افراد انتقال کر چکے ہیں جب کہ سندھ میں 118 اور پنجاب میں 115 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔اس کے علاوہ بلوچستان میں 16، اسلام آباد 4 اور گلگت بلتستان میں 3 افراد مہلک وائرس کے باعث جاں بحق ہو چکے ہیں۔

آج بروز ہفتہ ملک بھر سے اب تک کورونا کے مزید 415 کیسز سامنے آئے ہیں اور 9 ہلاکتیں بھی ہوئی ہیں جن میں پنجاب سے 393 کیسز 9 ہلاکتیں اور اسلام آباد سے 22 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

پنجاب

پنجاب سے آج اب تک کورونا کے مزید 514 کیسز  اور 9 ہلاکتیں سامنے آئی ہیں جس کی تصدیق ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر نے کی۔ترجمان نے کے مطابق صوبے میں کورونا کے کیسز کی مجموعی تعداد 6854 ہوگئی ہے اور ہلاکتیں 115 تک جا پہنچی ہیں۔ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کے مطابق 768 زائرین، 1926 رائے ونڈ سے منسلک افراد، 86 قیدی اور  4075 عام شہری کورونا وائرس میں مبتلا ہیں۔

اسلام آباد

وفاقی دارالحکومت میں آج کورونا وائرس کے مزید 22 کیسز سامنے آئے ہیں جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ کیے گئے ہیں۔پورٹل کے مطابق نئے کیسز سامنے آنے کے بعد اسلام آباد میں کیسز کی مجموعی تعداد 365ہوگئی ہے جب کہ شہر میں وائرس سے اب تک 4 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔

سندھ

صوبے میں جمعہ کو کورونا کے مزید 622 نئےکیسز رپورٹ ہوئے اور 6 ہلاکتیں بھی ہوئیں جس کی تصدیق وزیراعلیٰ سندھ نے کی۔وزیراعلیٰ نے بتایا کہ نئے کیسز کے بعد صوبے میں کورونا کے مجموعی مریضوں کی تعداد 6675 اور ہلاکتیں 118 ہوگئی ہیں۔مراد علی شاہ کے مطابق مزید 73 مریض صحت یاب ہو کر گھروں کو چلے گئے جس کے بعد صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 1295 ہوگئی ہے۔

خیبرپختونخوا

خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے جمعرات 30 اپریل کو کورونا وائرس کے اعداد و شمار جاری نہیں کیے گئے تھے تاہم جمعہ کو جاری اعداد و شمار میں مزید 486 کیسز اور بڑی تعداد میں 39 ہلاکتیں رپورٹ کی گئیں۔ہیلتھ ڈپارٹمنٹ کے پی نے صوبے میں نئے کیسز اور ہلاکتوں کی تصدیق کی۔خیبرپختونخوا میں کوروناکے مجموعی مریضوں کی تعداد 2799 اور ہلاکتیں 161 ہوچکی ہیں جب کہ صوبے میں اب تک کورونا سے 690 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔

بلوچستان

بلوچستان میں جمعے کو کورونا کے مزید 87 کیسز اور 2 اموات بھی سامنے آئیں جس کی تصدیق حکومت بلوچستان کی جانب سے کی گئی۔حکومت بلوچستان کے مطابق صوبے میں کورونا وائرس کے مریضوں کی مجموعی تعداد 1136 ہوگئی ہے جب کہ 16 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔بلوچستان میں اب تک کورونا وائرس سے 187افراد صحت یاب بھی ہوگئے ہیں۔

گلگت بلتستان

گلگت بلتستان میں جمعے کو صرف ایک کیس رپورٹ ہوا جس کے بعد کورونا مریضوں کی مجموعی تعداد مجموعی تعداد 340 تک پہنچ گئی ہے۔محکمہ صحت کے مطابق اب تک 255 افراد صحت یاب ہو چکے ہیں اور کورونا وائرس سے 3 افراد کا انتقال ہوا ہے۔

آزاد کشمیر

آزاد کشمیر میں جمعہ کو کورونا وائرس کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا،علاقے میں کورونا کے کیسز کی تعداد 66 ہے اور 23 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں جب کہ اب تک کوئی ہلاکت نہیں ہوئی ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.