Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

پی ڈی ایم ملتان جلسہ: اپوزیشن رہنماؤں کی گرفتاریوں کیلیے پولیس کے چھاپے

1800 افراد کے خلاف مقدمات درج بھی کر لیے گئے

ملتان میں پی ڈی ایم کے جلسے سے پہلے پنجاب کے مختلف شہروں میں اپوزیشن رہنماؤں اور  کارکنوں کی گرفتاریاں جاری ہیں اور  1800 افراد کے خلاف مقدمات درج بھی کر لیے گئے ہیں۔

حکومت مخالف تحریک پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) آج ملتان میں جلسہ کرنے میں کامیاب ہو سکے گی کہ نہیں لیکن  جلسے کے حوالے سے پی ڈی ایم اور حکومت میں ٹھن گئی ہے اور دونوں اپنے فیصلے سے پیچھے ہٹنے کے لیے تیار نہیں ہیں۔ جلسے کو روکنے کے لیے مختلف اضلاع سے پنجاب پولیس کی اضافی نفری کو طلب کر لیا گیا ہے جب کہ کارکنوں کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کے شیل اور ربڑ کی گولیاں منگوالی گئیں ہیں۔

اسٹیڈیم کو کارکنان سے خالی کرا کے ایک بار پھر سے تالے لگا دیے گئے ہیں، اسٹیڈیم سے سیاسی رہنماؤں کے پینا فلیکس اور بینرز بھی اتار دیےگئے ہیں جب کہ چوک گھنٹہ گھر کے اطراف پولیس کی بھاری نفری تعینات کر کے رکاوٹیں کھڑی کر دی گئیں ہیں۔

مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا ثناء اللہ کی قیادت میں گھنٹہ گھر چوک سے کچھ فاصلے تک ریلی بھی نکالی گئی اور اس دوران کارکنوں اور پولیس میں تصادم بھی ہوا۔ مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے دعویٰ کیا ہے کہ پولیس نے ریلی میں شریک 20 کے قریب کارکنوں کو حراست میں لیا ہے جب کہ رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ حکومت تشدد کا راستہ اختیار کر رہی ہے،کل ہر صورت جلسہ ہوگا۔ سرکاری املاک کی توڑ پھوڑ، ملازمین کو زخمی کرنے اور کورونا ایس اوپیز کی خلاف ورزی پر سیاسی رہنماؤں کے خلاف مقدمات بھی درج کر لیے گئے ہیں۔

پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) نے  حکومت سے اجازت نہ ملنے کے باوجود آج ہر صورت ملتان میں سیاسی قوت کا مظاہرہ کرنے کا اعلان کر رکھا ہے۔ مقامی انتظامیہ نے قلعہ کہنہ قاسم باغ اسٹیڈیم جانے والے تمام سارے راستے بند کر کے ٹرکوں اور ٹرالیوں سے رکاوٹیں کھڑی کردی ہیں، ایک ہزار پولیس اہل کار گھنٹہ گھر چوک پر تعینات ہیں جب کہ اسٹیڈیم اور گھنٹہ گھر چوک کو سیل کر دیا گیا ہے۔ پولیس نے قاسم اسٹیڈیم کو ایک بار پھر سے تالے لگا دیے ہیں، اسٹیڈیم سے سیاسی رہنماؤں کے پینا فلیکس اور بینرز بھی اتار دیےگئے ہیں جب کہ چوک گھنٹہ گھر کے اطراف پولیس کی بھاری نفری تعینات کر کے رکاوٹیں کھڑی کر دی گئیں ہیں۔ ذرائع کے مطابق کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے آج گھنٹہ گھر چوک پر دکانیں،کاروباری مراکز اور ملتان میٹرو بس سروس بھی بند رہے گی۔

ملتان شہر میں داخل ہونے والے تمام راستوں پر بھی کنٹینرز لگا دیے گئے ہیں اور صرف گاڑیوں کو چیکنگ کے بعد شہر میں داخلے کی اجازت ہو گی، شہرکے مختلف علاقوں میں انٹرنیٹ سروس معطل ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.