Latest Urdu news from Pakistan - Peshawar, Lahore, Islamabad

چوہدری برادران کی مولانا فضل الرحمٰن سے ملاقات ،’حکومت، اپوزیشن میں کوئی ڈیڈلاک نہیں’

جمعیت علمائے اسلام (ف) سمیت دیگر اپوزیشن جماعتوں پر مشتمل رہبر کمیٹی اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی کمیٹی کے مذاکرات کے بعد پاکستان مسلم لیگ(ق) کے صدر چوہدری شجاعت حسین نے مولانا فضل الرحمٰن سے ملاقات کی۔ جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کی رہائش گاہ پر ہونے والی ملاقات میں چوہدری شجاعت کے ہمراہ اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہٰی بھی موجود تھے جو خاص طور پر لاہور سے اسلام آباد آئے تھے۔

ملاقات کے بعد اپوزیشن کی رہبر کمیٹی کے چیئرمین اکرم درانی اور چوہدری پرویز الہی نے مشترکہ پریس کانفرنس کی اور ملاقات میں ہونے والی پیش رفت سے آگاہ کیا۔

صحافیوں سے گفتگو میں چوہدری پرویز الٰہی نے کہا تھا کہ مفاہمت کے لیے یہاں آئے ہیں، امید ہے معاملہ خوش اسلوبی سے حل ہو گا۔

چوہدری پرویز الہی نے کہا کہ اپوزیشن نے اپنے مطالبات پیش کردیے ہیں جن پر تبادلہ خیال کے لیے وزیراعظم عمران خان نے مذاکراتی کمیٹی کا اجلاس طلب کیا ہے۔ چوہدری پرویز الہی نے کہا کہ معاملات چل رہے ہیں کوئی ڈیڈلاک نہیں ہے، اپوزیشن اور حکومت کے درمیان جلد معاملات حل ہونے چاہیئیں،کل میں وزیر اعظم سے ملاقات کروں گا۔

اس موقع پر اکرم درانی نے کہا تھا کہ ‏چوہدری صاحب کی خواہش تھی کہ وہ مولانا صاحب سے ملیں، ایسی ملاقاتوں سے ماحول کی بہتری میں مدد ملتی ہے۔

انہوں نے کہا تھا کہ مولانا فضل الرحمن کی چوہدری برادران کے ساتھ بھائیوں کی طرح دوستی ہے، یہ تیسری نسل کی دوستی ہے، اچھے دوستوں کی مدد سے حالات میں بہتری ہوتی ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.