رپورٹ کے مطابق ورلڈ بینک کی ایک نئی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ انڈیا دُنیا میں سب سے زیادہ ترسیلاتِ زر وصول کرنے والا ملک ہے۔
سال 2023 میں انڈیا کو 125 ارب ڈالر کی رقم ترسیلاتِ زر کی مد میں موصول ہوئی۔
اعداد وشمار کے مطابق انڈیا کو بیرونِ ملک سے بطور ترسیلاتِ زر موصول ہونے والی رقم میں گذشتہ چند برسوں میں بڑا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ سنہ 2021 میں انڈیا کو ترسیلات زر کی مد میں 90 ارب ڈالرز، 2022 میں 111 ارب ڈالرز اور 2023 میں 125 ارب ڈالرز موصول ہوئے ہیں۔
ترسیلاتِ زر وصول کرنے والے ممالک کی فہرست میں دوسرا نمبر میکسیکو کا ہے جہاں سال 2023 میں 67 ارب ڈالرز بیرونِ ملک سے آئے۔
چین کا اس فہرست میں تیسرا نمبر ہے جہاں 2023 میں ترسیلاتِ زر کی مد میں تقریباً 50 ارب ڈالرز موصول ہوئے۔
رپورٹ کے مطابق فلپائن میں سال 2023 میں ترسیلاتِ زر کی مد میں تقریباً 40 ارب ڈالرز آئے جس سے اس کے زرِ مبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوا۔ نومبر 2023 میں فلپائن کے زرِ مبادلہ کے ذخائر 101 ارب سے تجاوز کر گئے تھے۔
فہرست میں پانچواں نمبر مصر کا ہے جہاں زرِ مبادلہ کی مد میں صرف سال 2023 میں 24 ارب ڈالرز آئے۔ ورلڈ بینک کے مطابق مشرقی وسطیٰ اور یورپ میں مصری شہریوں کی ایک بڑی تعداد موجود ہے جو کہ ترسیلاتِ زر میں نمایاں اضافے کی بڑی وجہ ہیں۔