بلوچستان کے علاقے بولان میں تین مقامات پر کالعدم تنظیم بی ایل اے نے حملہ کردیا، جوابی میں کارروائی میں تمام سات دہشت گرد مارے گئے، دہشت گردوں کی فائرنگ سے ریلوے پولیس اہلکار سمیت دو افراد جاں بحق اور 13 زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق بولان کے علاقے مچھ میں پہاڑوں سے بی ایل اے کے دہشت گردوں نے راکٹ فائر کیے اور شدید فائرنگ کی آوازیں بھی سنی گئیں۔ بولان کے کم از کم تین مقامات پر حملہ کیا گیا جس میں مچھ جیل، ریلوے اسٹیشن اور لیویز تھانہ شامل ہیں۔
سیکورٹی ذرائع کے مطابق ایک حملہ مچھ جیل پر کیا گیا، بی ایل اے کے دہشت گردوں کے فائر ریڈ کی کوشش کو فورسز نے پسپا کر دیا، فورسز کو پہلے سے دہشت گردوں کے حملے ی اطلاعات مل گئی تھی جس کے بعد اہل کاروں نے دہشت گردوں کے لیے گھات لگا رکھی تھی۔ مچھ جیل کے سپرنٹنڈنٹ جمیل ترین نے کہا ہے کہ حملے میں قیدی اور عملہ بالکل محفوظ رہے، جیل کے اطراف تاحال سیکیورٹی فورسز الرٹ ہیں۔
دہشت گردوں نے ایک حملہ ریلوے اسٹیشن پر کیا جہاں راکٹ حملے میں ریلوے پولیس سمیت دو افراد زخمی ہوئے بعدازاں ریلوے پولیس کا اہلکار شہید ہوگیا۔
دہشت گرد سیکیورٹی فورسز کی طرف سے مؤثر جواب کے نتیجے میں بوکھلا کر پسپا ہوگئے اور تمام سات دہشت گرد مارے گئے جس کی بلوچستان حکومت نے تصدیق کی ہے۔ تینوں واقعات میں مجموعی طور پر 13 شہری زخمی ہوئے۔