خیبر پختونخوا کے نامزد وزیراعلی علی امین گنڈاپور گرفتاری کے خدشے کے پیش نظر پشاور ہائیکورٹ پہنچ گئے اور پشاور ہائیکورٹ میں راہداری ضمانت کی درخواست دائر کردی، درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ عدالت میں پیش ہونا چاہتا ہوں، راہداری ضمانت دی جائے، علی امین نے درخواست آج ہی سماعت کے لیے مقرر کرنے کی عدالت سے استدعا بھی کی۔
سماعت کے بعد ہائیکورٹ کے باہر میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئےعلی امین گنڈاپور نے کہا کہ ساڈا حق اتے رکھ، یہی میرا نعرہ ہے۔ وفاق سے خیرات نہیں اپنا حصہ مانگ لیں گے۔
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے سابق صوبائی وزیر علی امین گنڈا پور کو وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نامزد کیا تھا۔ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی جانب سے علی امین گنڈا پور کو وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کیلئے نامزد کئے جانے کی تصدیق کی گئی ہے۔ قبل ازیںالیکشن کمیشن آف پاکستان نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کیلئے نامزد امیدوار علی امین گنڈاپور کی کامیابی کے نوٹیفکیشن کچھ دیر روکنے کے بعد جاری کردئیے تھے۔