پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے کارکنان کے حملوں نے ایک بار پھر ملک میں امن و امان کی صورتحال کو سنگین بنا دیا ہے۔ پی ٹی آئی کے کارکنان کی جانب سے سنگجانی ٹول پلازہ پر کیے گئے حملے کی ایک ویڈیو منظر عام پر آئی ہے جس میں کارکنان کو سرکاری سامان چوری کرتے اور توڑ پھوڑ کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔
ویڈیو میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ پی ٹی آئی کے کارکنان ٹول پلازہ پر دھاوا بولتے ہوئے سرکاری کمپیوٹرز، دیگر قیمتی سامان اور دستاویزات کو اپنے ساتھ لے جا رہے ہیں۔
اس حملے میں صرف سامان کی چوری تک بات نہیں رکی، بلکہ مظاہرین نے ٹول پلازہ کی عمارت کو بھی نقصان پہنچایا اور پولیس کی گاڑی کو جلا دیا۔ اس کارروائی سے ایک بار پھر یہ ثابت ہوا کہ پی ٹی آئی کے کارکنان کس حد تک بدامنی اور افرا تفری پھیلانے کے لیے تیار ہیں۔
مزید برآں دیگر کئی ویڈیوز بھی منظر عام پر آئی ہیں جن میں پی ٹی آئی کے کارکنان نے مختلف مقامات پر سرکاری املاک کی توڑ پھوڑ کی اور دیگر غیر قانونی کارروائیاں کیں۔ ان حملوں کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار شہید جبکہ 70 افراد شدید زخمی ہو گئے، جن میں کئی پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔
حکام نے سی سی ٹی وی فوٹیجز کی مدد سے ان شرپسند عناصر کی شناخت کا عمل شروع کر دیا ہے۔ اس حوالے سے قانون نافذ کرنے والے ادارے اور تحقیقاتی ٹیمیں پی ٹی آئی کے ان کارکنان کو پکڑنے اور ان کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کے لیے سرگرم ہیں۔ حکومت نے اعلان کیا ہے کہ ان پرتشدد مظاہرین کو ہر حال میں قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا تاکہ آئندہ کسی کو بھی ملک میں بدامنی پھیلانے کی جرات نہ ہو۔