اسلام آباد: (اخبار خیبر) رہنما جمیعت علما اسلام حافظ حمد اللہ کے بیان پر اپنے ردعمل میں وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ صدر پاکستان نے بل پر جو اعتراضات لگائے ہیں وہ قانونی اور آئینی ہیں ۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے اپنے بیان میں کہا کہ اعتراضات میں نا تو ایف اے ٹی ایف کا ذکر ہے اور نا ہی کوئی تعلق ،قانونی اور آئینی معاملات پر سیاست کرنا کسی کے حق میں نہیں ۔
عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ مدارس کی رجسٹریشن کو فیٹف سے جوڑنا بے سروپا تخیّل اور خیال آرائی کے مترادف ہے ۔
انہوں نے کہا کہ قانون سازی کا طریقہ کار آئین میں واضح ہے۔ صدر نے آئینی اعتراضات لگائے ہیں اور ان کی تصحیح بھی آئینی طور پر پارلیمان سے ہونی ہے ۔
وزیر اطلاعات نے یہ بھی کہا کہ اس معاملے پہ غیر ضروری بیان بازی اور تنقید برائے تنقید سے صدر پاکستان اور پارلیمنٹ کے اختیارات کو ہدف بنانے سے گریز کرنا چاہیے ۔