راولپنڈی: مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور متروکہ وقف املاک بورڈ کے سابق چیئرمین صدیق الفاروق انتقال کر گئے ۔
خاندانی ذرائع نے بتایا کہ مرحوم صديق الفاروق کچھ عرصے سے دل اور گردوں کے عارضے میں مبتلا تھے ۔
صدیق الفاروق طویل عرصے تک شعبہ صحافت سے وابستہ رہے، وہ سینئر صحافی اظہر ملک کے بڑے بھائی تھے ۔
صدیق الفاروق سابق وزیراعظم نوازشریف کے پرنسپل سیکرٹری اورچیئرمین متروکہ وقف املاک بھی رہے، صدیق الفاروق نے 3 سال جیل بھی کاٹی جبکہ وہ ایک کتاب کے بھی مصنف تھے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما صدیق الفاروق کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے مرحوم کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی اور مرحوم کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا ۔
شہباز شریف کا کہنا تھا مرحوم صدیق الفاروق کی پاکستان مسلم لیگ ن کیلئے خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی، صدیق الفاروق کے انتقال سے پارٹی ایک مخلص اور زیرک سیاستدان سے محروم ہوگئی، اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں جگہ عطا فرمائیں ۔