خیبر پختونخوا اور پنجاب کے مختلف شہروں میں ٹریفک حادثات میں کم از کم 12 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے، ایبٹ آباد حادثے میں 8 افراد جاں بحق اور 30 زخمی ہوئے جبکہ دریا خان کے علاقے ہیتو خسور روڈ پر ٹریکٹر ٹرالی الٹنے کے نتیجے میں خواتین سمیت 4 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے ۔
ایبٹ آباد : حویلیاں انٹرچینج کے قریب موٹروے پر المناک ٹریفک حادثہ آیا ہے ،ٹریفک حادثے میں 8 افراد جاں بحق جبکہ 30 افراد شدید زخمی ہو گئے ، ایوب ٹیچنگ ہسپتال میں زیر علاج بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے ۔
تازہ ترین رپورٹ کے مطابق حادثے میں مجموعی طور پر 8 افراد جاں بحق جبکہ 30 زخمی ہوئے، ایوب ٹیچنگ ہسپتال میں مجموعی طور پر 35 مریض لائے گئے، جن میں 3 افراد پہلے سے جاں بحق تھے جبکہ 5 زخمی دورانِ علاج دم توڑ گئے ۔
ایوب ٹیچنگ ہسپتال میں زیرِ علاج 30 زخمیوں میں 19 مرد، 6 خواتین اور 5 بچے شامل ہیں، جبکہ ایک زخمی کی حالت تشویشناک ہے ۔
ڈی ایچ کیو ہسپتال ایبٹ آباد میں 2 جبکہ ٹی ایچ کیو ہسپتال حویلیاں میں ایک جاں بحق شخص کی میت منتقل کی گئی، حادثہ ایبٹ آباد ہزارہ موٹروے پر گلگت سے راولپنڈی جانے والی مسافر بس ڈمپر سے ٹکرانے کے بعد پیش آیا ۔
دوسری جانب بھکر پولیس کے مطابق دریا خان کے علاقے ہیتو خسور روڈ پر ٹریکٹر ٹرالی الٹ گئی،جس کے نتیجے میں دو خواتین اور دو بچے جاں بحق اور متعدد افراد زخمی ہوگئے ۔
ریسکیو حکام کے مطابق ٹریکٹر ٹرالی پر سوار افراد ٹانک سے سرگودھا جا رہے تھے، لاشوں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے ۔

