پاکستان تحریک انصاف کی اعلیٰ قیادت نے 5 اگست کے احتجاجی پلان کو حتمی شکل دے دی، جس کے مطابق اڈیالہ جیل کے سامنے احتجاج کا فیصلہ کیا گیا ہے ،دوسری جانب اسلام آباد اور راولپنڈی میں انتظامیہ نے 10 اگست تک دفعہ 144 نافذ کردی ۔
پاکستان تحریک انصاف کے احتجاج کے پیش نظر اسلام آباد اور راولپنڈی میں دفعہ 144 نافذ کردی گئی، جس کے تحت موٹرسائیکل کی ڈبل سواری اور ہر قسم کے اجتماعات پر پابندی ہوگی ۔
ڈپٹی کمشنر راولپنڈی نے ضلع بھر میں دفعہ 144 نافذ کرتے ہوئے نوٹی فکیشن جاری کردیا جس کے مطابق ضلع بھر میں 4 اگست سے 10 تک دفعہ 144 نافذ ہوگی ۔
نوٹی فکیشن کے مطابق راولپنڈی میں سیاسی اجتماعات، ریلیوں، جلوس پر مکمل پابندی لگادی گئی ہے، جس کے تحت 4 سے 10 اگست موٹرسائیکل ڈبل سواری پر بھی پابندی ہوگی ۔
اعلامیہ میں مزید کہا گیا ہے کہ اسلحے کی نمائش، لاوڈسپیکر کے استعمال پر بھی پابندی ہوگی جبکہ اہم شاہراہوں پر رکھی رکاوٹیں ہٹانے والوں کے خلاف قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی ۔
اسی طرح ضلعی انتظامیہ اسلام آباد کی جانب سے بھی انتباہ جاری کر دیا گیا ہے اور کہا گیا ہے کہ کسی بھی غیر قانونی سرگرمی کا حصہ بننے والوں کی فی الفور گرفتاری ہوگی ۔
ڈی سی اسلام آباد کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں دفعہ 144 کردی گئی ہے، دفعہ 144 کے تحت کسی بھی قسم کے اجتماع یا لوگوں کے جمع ہونے پر پابندی عائد ہے خلاف ورزی کی صورت میں سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔
ضلعی انتظامیہ نے شہریوں سے کسی بھی غیر قانونی سرگرمی کا حصہ نہ بننے کی اپیل کی ہے ۔